لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جولائی2026ء) پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین احمد وانی نے کہا ہے کہ رواں سال ہاکی کی بحالی کا سال ہے، جس میں مینز کے ساتھ ساتھ ویمنز ہاکی کی ترقی اور فروغ پر بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ منگل کو جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن ویمنز ہاکی کی ترقی اور گراس روٹ سطح سے قومی ٹیم تک ایک مضبوط اور پائیدار نظام کے قیام کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی انڈر 21 ویمنز ہاکی چیمپئن شپ کے کامیاب انعقاد کے بعد پاکستان ویمنز ٹیم نے عمان میں منعقدہ جونیئر انڈر 21 ٹورنامنٹ میں ملک کی نمائندگی کی، جبکہ اس وقت بھی وہ وہاں جاری انڈر 18 چیمپئن شپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہے۔ ان کے مطابق بین الاقوامی مقابلوں میں شرکت کھلاڑیوں کی صلاحیتوں میں نکھار لانے اور انہیں مستقبل کے بڑے عالمی ایونٹس کے لیے تیار کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔ محی الدین احمد وانی نے کہا کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن جونیئر اور سینئر دونوں ویمنز ٹیموں کی استعداد کار بڑھانے کے لیے سرمایہ کاری جاری رکھے گی۔ انہوں نے بتایا کہ فیڈریشن فٹنس، تکنیکی مہارت، جدید حکمت عملی، سپورٹس سائنس اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سمیت ہر شعبے میں عالمی معیار کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ آئندہ چند ماہ کے دوران پاکستان ویمنز ہاکی ٹیم کے لیے عالمی معیار کے بین الاقوامی کوچ کی خدمات حاصل کی جائیں گی ۔ انہوں نے کہا فیڈریشن کا بنیادی مقصد ایک ایسی مضبوط اور مسابقتی ویمنز ہاکی ٹیم تیار کرنا ہے جو بین الاقوامی سطح پر نمایاں کامیابیاں حاصل کرتے ہوئے پاکستان کی شاندار ہاکی روایات کو دوبارہ زندہ کر سکے۔