رواں سال ہاکی کی بحالی کا سال ثابت ہو رہا ، ویمنز ہاکی پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے ‘محی الدین احمد وانی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جولائی2026ء) پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین احمد وانی نے کہا ہے کہ رواں سال پاکستان میں ہاکی کے کھیل کی بحالی کا سال ثابت ہو رہا ہے، جس میں مینز کے ساتھ ساتھ وی

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جولائی2026ء) پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین احمد وانی نے کہا ہے کہ رواں سال پاکستان میں ہاکی کے کھیل کی بحالی کا سال ثابت ہو رہا ہے، جس میں مینز کے ساتھ ساتھ ویمنز ہاکی کی ترقی و ترویج پر بھی برابر توجہ دی جا رہی ہے ،پاکستان ہاکی فیڈریشن ویمنز ہاکی کی ترقی اور گراس روٹ لیول سے قومی ٹیم تک ایک مضبوط اور پائیدار نظام کے قیام کے لیے مکمل طور پر متحرک ہے۔ انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ قومی انڈر 21ویمنز ہاکی چمپئن شپ کی کامیاب انعقاد کے بعد ہماری ویمنز ہاکی ٹیم نے عمان میں منعقدہ جونیئر انڈر 21ٹورنامنٹ میں پاکستان کی نمائندگی کی جبکہ اب وہ وہاں جاری انڈر 18چمپئن شپ میں بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہیں۔ بین الاقوامی سطح پر یہ پیشرفت کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لیے انتہائی اہم سنگِ میل ثابت ہوگی اور انہیں مستقبل کے عالمی مقابلے سمیٹنے کے لیے تیار کرے گی۔ جبکہ پی ایچ ایف جونیئر اور سینئر دونوں ویمنز ٹیموں کی ترقی اور استعدادِ کار بڑھانے کے لیے سرمایہ کاری جاری رکھے گی۔ فیڈریشن کھیل کے ہر شعبے بشمول فٹنس، تکنیکی مہارتیں، جدید حکمتِ عملی، اسپورٹس سائنس اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال میں عالمی معیار کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔انشا اللہ، آنے والے مہینوں میں پاکستان ویمنز ہاکی ٹیم کے لیے ایک عالمی سطح کے بین الاقوامی کوچ کی خدمات حاصل کی جائیں گی تاکہ کھلاڑیوں کو مخصوص اور جدید ترین تربیت فراہم کی جا سکے۔ فیڈریشن کا بنیادی ہدف ایک ایسی مسابقتی ویمنز ہاکی ٹیم تیار کرنا ہے جو بین الاقوامی سطح پر کامیابیاں حاصل کر کے کھیل کی دنیا میں پاکستان کے دیرینہ اور فخرانہ وراثت کو بحال کر سکے۔



