لندن (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 24 جولائی 2026ء ) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے تصدیق کی ہے کہ آئندہ سال ہونے والے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل کی میزبانی لارڈز کے بجائے لندن کے دی اوول کو سونپی گئی ہے۔ آئی سی سی کے مطابق ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا فائنل 9 جون سے 13 جون 2027ء تک اوول میں کھیلا جائے گا۔ آئی سی سی نے گزشتہ سال اعلان کیا تھا کہ انگلینڈ کو 2027ء، 2029ء اور 2031ء کے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنلز کی میزبانی کے حقوق دیے گئے ہیں جبکہ ہر ایڈیشن کے لیے میزبان گراؤنڈ کا انتخاب انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ خود کرے گا۔ خیال کیا جا رہا تھا کہ 2027ء ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا فائنل ممکنہ طور پر گزشتہ فائنل کی طرح تاریخی لارڈز کرکٹ گراؤنڈ میں ہوگا لیکن انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے اس کے بجائے دی اوول میں فائنل کرانے کا فیصلہ کیا۔ رپورٹ کے مطابق اس فیصلے کی ایک بڑی وجہ لارڈز کی پچوں کے معیار پر خدشات ہیں۔ گزشتہ ماہ انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان ٹیسٹ میچ کی پچ کو غیر تسلی بخش قرار دیے جانے پر لارڈز کو پہلی بار آئی سی سی کی جانب سے ڈی میرٹ پوائنٹ دیا گیا تھا۔ یہ دوسرا موقع ہوگا کہ اوول ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل کی میزبانی کرے گا۔ اس سے قبل 2023 میں بھی فائنل اسی میدان میں کھیلا گیا تھا، جہاں آسٹریلیا نے بھارت کو شکست دے کر ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔