ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جولائی2026ء) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ڈومیسٹک کرکٹ سیزن 2026-27 کے شیڈول کا اعلان کر دیا ہے۔سیزن کا آغاز 11 اگست کو ملتان میں ہوگا،شیڈول 2027 کے ورلڈ کپ کی تیاریوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ترتیب دیا گیا ہے۔سیزن کے آغاز پر نیشنل چیمپئنز کپ (لسٹ اے) اور ڈیپارٹمنٹل ون ڈے کپ کھیلے جائیں گے،پریذیڈنٹ ٹرافی 12 ستمبر اور قائداعظم ٹرافی گولڈ و سلور یکم نومبر سے شروع ہوگی۔ قائداعظم ٹرافی گولڈ میں 8 اور سلور میں 12 ٹیمیں حصہ لیں گی۔ پی سی بی نے ریجنل ٹیموں کی تعداد 18 سے بڑھا کر 20 کر دی ہے، سیالکوٹ اور پشاور کو بھی دو، دو ریجنل ٹیمیں دی گئی ہیں۔ترجمان پی سی بی کے مطابق نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ گولڈ اور سلور 5 فروری سے 6 مارچ تک لاہور میں ہوگا،انڈر 19، انڈر 17 اور انڈر 15 کے ٹورنامنٹس بھی شیڈول کا حصہ ہیں ۔پی سی بی کے سینئر جنرل منیجر ڈومیسٹک کرکٹ اسامہ شارون نے کہا کہ 2026-27 کا ڈومیسٹک سیزن کھلاڑیوں اور شائقین کے لیے یادگار ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ورلڈ کپ کی تیاری، ریجنل کرکٹ کے استحکام اور نوجوان کھلاڑیوں کی بہتر تربیت کو سیزن کی منصوبہ بندی میں خصوصی اہمیت دی گئی ہے۔