لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اگست2026ء) سی ایم پنجاب کرکٹ چیمپئن لیگ کی ٹرافی اور تمام شریک ٹیموں کے لوگوز کی شاندار تقریب رونمائی منعقد ہوئی جس میں صوبائی وزیر کھیل پنجاب ملک فیصل ایوب کھوکھر، پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیف آپریٹنگ آفیسر سمیر سید، 12 مردوں کی ٹیموں کے کپتانوں سمیت قومی و بین الاقوامی کرکٹرز نے شرکت کی۔ تقریب میں سیکرٹری سپورٹس فضل الرحمن، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی، وائس چیئرمین سپورٹس بورڈ پنجاب سلمان ملک، پی سی بی کے سینئر جنرل منیجر ڈومیسٹک کرکٹ اسامہ شیرون، پاکستان ریلوے اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے نمائندگان بھی موجود تھے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر کھیل ملک فیصل ایوب کھوکھر نے کہا کہ سی ایم پنجاب چیمپئن لیگ، پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے بعد ملک کا سب سے بڑا ڈومیسٹک کرکٹ ایونٹ ہے، جس میں قومی اور بین الاقوامی شہرت یافتہ کرکٹرز شرکت کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ لیگ میں 12 مردوں اور 4 خواتین کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں، جبکہ تمام کھلاڑیوں کا انتخاب مکمل شفافیت اور میرٹ کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔ ا نہوں نے کہا کہ نوجوان کرکٹرز کو قومی اسٹارز کے ساتھ کھیلنے اور اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا بہترین موقع فراہم کیا جا رہا ہے، جس سے نئے ٹیلنٹ کو آگے آنے میں مدد ملے گی۔صوبائی وزیر نے کہا کہ لیگ کے میچز لاہور، ملتان، بہاولپور اور ڈیرہ غازی خان میں ڈے اینڈ نائٹ فارمیٹ کے تحت کھیلے جائیں گے، جبکہ تمام مقابلے براہِ راست نشر کیے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ لیگ کا آغاز 3 اگست سے ہوگا جبکہ فائنل 9 اگست کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔ملک فیصل ایوب کھوکھر نے کہا کہ پنجاب حکومت سال بھر میں 18 بڑے سپورٹس ایونٹس کا انعقاد کر رہی ہے اور حکومت کا مشن ہر نوجوان کو کھیلنے کا موقع اور ہر باصلاحیت کھلاڑی کو آگے بڑھنے کا پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب عالمی معیار کے کھلاڑی تیار کرنے کی سمت تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے۔ تقریب میں سابق قومی ویمن ٹیم کی کپتان ندا ڈار، عثمان قادر، عرفان نیازی، حسن نواز، عالیہ ریاض، سدرہ امین، امبر پرویز، گل فیروزہ، صدف شمس، گل رخ سمیت متعدد معروف قومی کرکٹرز بھی شریک ہوئے۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ لیگ کا آفیشل پارٹنر ہے اور امپائرز، میچ ریفریز، اسکوررز سمیت تکنیکی امور بھی پی سی بی کی جانب سے فراہم کیے جائیں گے۔