لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اگست2026ء) صوبائی وزیر کھیل پنجاب ملک فیصل ایوب کھوکھر نے کہا ہے کہ وزیراعلی مریم نواز کی قیادت میں پنجاب کا ہر محکمہ موثر انداز میں نتائج دے رہا ہے، جس کے باعث سیاسی مخالفین کے پاس تنقید کے لیے صرف وزیراعلی کی ذات رہ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مخالفین کو چاہیے کہ وہ تنقید کرنے سے قبل اپنا رپورٹ کارڈ بھی قوم کے سامنے پیش کریں۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر میں کامیابی پنجاب حکومت کی کارکردگی پر عوام کے اعتماد کا واضح اظہار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت نوجوانوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے اور کھیلوں کے فروغ کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ پنجاب یوتھ گیمز2026 صوبے کی تاریخ کا سب سے بڑا سپورٹس ایونٹ ہوگا، جس میں50 لاکھ نوجوان حصہ لیں گے جبکہ کامیاب کھلاڑیوں میں50 کروڑ روپے کے انعامات تقسیم کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت 50 لاکھ نوجوانوں کی شرکت کے ذریعے گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم کرنے کا بھی ارادہ رکھتی ہے۔ صوبائی وزیر کھیل نے بتایا کہ پنجاب یوتھ گیمز میں سکولوں، کالجوں، جامعات، مدارس اور خصوصی طلبہ کو بھی شامل کیا جا رہا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ نوجوانوں کو کھیلوں کے مواقع فراہم کیے جا سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب بھر میں کھیلوں کے میدان دوبارہ آباد کیے جا رہے ہیں اور حکومت کا ہدف ارشد ندیم جیسے عالمی معیار کے مزید کھلاڑی تیار کرنا ہے۔ ملک فیصل ایوب کھوکھر نے کہا کہ وزیراعلی مریم نواز اسپورٹس سٹی منصوبہ عالمی معیار کا سپورٹس انفراسٹرکچر فراہم کرے گا، جس سے نہ صرف نوجوان کھلاڑیوں کو جدید سہولیات میسر آئیں گی بلکہ پنجاب میں کھیلوں کے فروغ کو بھی نئی جہت ملے گی۔