کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 اگست2026ء) پاکستان نیٹ بال فیڈریشن کے زیر اہتمام جاری نیشنل انٹر ڈیپارٹمنٹل نیٹ بال چیمپیئن شپ کے چار میچز (کل)اتوار کو پی ایس بی کوچنگ سنٹر کراچی میں کھیلے جائیں گے پہلے میچ میں پاکستان آرمی اور پاکستان پولیس کی ٹیموں کا ٹکڑائو ہوگا۔ دوسرے میچ میں پاکستان نیوی اور این ایف ایلیٹ اکیڈمی کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔ اس کے علاوہ پوزیشن میچز کھیلے جائیں گے۔ چیمپئن شپ کے اختتام پر کامیابی حاصل کرنے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے جائیں گے۔ پاکستان نیٹ بال فیڈریشن کے صدر ثمین ملک نے بتایا کہ چیمپئن شپ میں چار ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جن میں پاکستان آرمی، پاکستان نیوی، پاکستان پولیس اور ایلیٹ اکیڈمی کی ٹیمیں شامل ہیں۔