پاکستانی فاسٹ بولر نسیم شاہ کا کہنا ہے کہ ورک لوڈ مینجمنٹ کھلاڑیوں کی ذمے داری ہے۔
نسیم شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کھلاڑیوں کے لیے جو نیا سسٹم لایا گیا ہے امید ہے اس سے سب اچھا ہو گا، امید کرتا ہوں کہ فاسٹ بولرز سمیت تمام کھلاڑیوں کی ورک لوڈ مینجمنٹ ہو۔
اُنہوں نے کہا کہ بطور بولنگ یونٹ ہماری پرفارمنس اچھی نہیں رہی، ون ڈے کرکٹ میں 300 اور ٹی 20 میں 200 سے زیادہ رنز تواتر سے بن رہے ہیں، جس طرح کرکٹ تبدیل ہو رہی ہے اس حساب سے یہ ہمارے لیے سرپرائز ہے کیونکہ ہمیں عادت نہیں ہے ٹی ٹونٹی میں 200 رنز بنانے کی۔
فاسٹ بولر نے کہا کہ ہمیں لگتا ہے کہ اب کنڈیشنز، پچز سمیت بہت کچھ تبدیل ہو رہا ہے، ٹی 20 کرکٹ میں 140 پلس سے بولنگ کی ہے، اسپیڈ ضروری ہے مگر اس کے ساتھ لائن اینڈ لینتھ کا ہونا بھی ضروری ہے اور فارمیٹ کے لحاظ سے ورک لوڈ کو بھی دیکھنا ہوتا ہے۔