اسلام آباد کی ہاکی کھلاڑیوں کو خراجِ تحسین، محی الدین وانی کا ہاکی کے فروغ کے عزم کا اعادہ
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 31 جولائی2026ء) پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر اور وفاقی سیکرٹری محی الدین وانی نے اسلام آباد پریس کلب میں منعقدہ خصوصی تقریب میں اسلام آباد سے تعلق رکھنے والے ہاکی کھلا

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 31 جولائی2026ء) پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر اور وفاقی سیکرٹری محی الدین وانی نے اسلام آباد پریس کلب میں منعقدہ خصوصی تقریب میں اسلام آباد سے تعلق رکھنے والے ہاکی کھلاڑیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے قومی کھیل کے فروغ کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔تقریب کے دوران قومی ٹیم میں منتخب ہونے والی اسلام آباد کی کھلاڑی صالح گلفام کو محی الدین وانی نے خصوصی کیپ پہنائی، جبکہ دیگر کھلاڑیوں کی بھی خصوصی کیپ کے ذریعے حوصلہ افزائی کی گئی۔ تقریب میں سابق منیجنگ ڈائریکٹر پی ٹی وی اختر وقار عظیم، ورلڈ چیمپئن اور اولمپئین طاہر زمان، صدر نیشنل پریس کلب عبدالرزاق سیال سمیت کھیل اور صحافت سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔ اپنے خطاب میں محی الدین وانی نے کہا کہ جب گرلز ہاکی ٹیم تشکیل دی گئی تو اسے بین الاقوامی مقابلوں کے لیے بیرونِ ملک بھیجا گیا تاکہ کھلاڑیوں کو زیادہ سے زیادہ تجربہ حاصل ہو۔ انہوں نے کہا کہ ہاکی میں کامیابی کے لیے جسمانی فٹنس اور طاقت بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔ کھلاڑی صرف میچ دیکھنے پر اکتفا نہ کریں بلکہ روزانہ صبح سویرے باقاعدہ ٹریننگ کریں اور سوشل میڈیا کے ذریعے دنیا بھر میں ہاکی کی جدید تکنیک، ٹریننگ اور فٹنس کے معیار سے بھی آگاہی حاصل کریں۔محی الدین وانی نے کہا کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن ہر سطح پر ہاکی کے فروغ اور کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لیے اقدامات جاری رکھے گی۔انہوں نے بتایا کہ اس وقت کوریا کی ہاکی ٹیم پاکستان کے دورے پر موجود ہے، جبکہ رواں سال کے آخر میں چین کی ہاکی ٹیم بھی پاکستان کا دورہ کرے گی، جو ملک میں بین الاقوامی ہاکی سرگرمیوں کی بحالی کے لیے خوش آئند پیش رفت ہے۔



