راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اکتوبر2026ء) پاکستان، انگلینڈ اور سری لنکا کے درمیان ون ڈے سہ ملکی سیریز کی ٹرافی کی رونمائی راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کر دی گئی، تینوں ٹیموں کے کپتانوں شاہین شاہ آفریدی، ہیری بروک اور کوشال مینڈس نے ٹرافی کے ساتھ فوٹو شوٹ میں حصہ لیا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق سات میچوں پر مشتمل سہ ملکی سیریز 18 سے 31 اکتوبر تک راولپنڈی اور لاہور میں کھیلی جائے گی۔ سیریز کا افتتاحی میچ (کل) بروز اتوار پاکستان اور سری لنکا کے درمیان راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جو پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر ایک بجے شروع ہو گا۔ سیریز کے ابتدائی تین میچز راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ہوں گے جہاں پاکستان 20 اکتوبر کو انگلینڈ جبکہ سری لنکا 22 اکتوبر کو انگلینڈ کے مدمقابل ہو گا۔ اس کے بعد مقابلے لاہور منتقل ہو جائیں گے جہاں 25 اکتوبر کو پاکستان اور انگلینڈ، 27 اکتوبر کو پاکستان اور سری لنکا جبکہ 29 اکتوبر کو انگلینڈ اور سری لنکا کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔ ٹرائی نیشن سیریز کا فائنل 31 اکتوبر کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جس میں لیگ مرحلے کے بعد پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست دو ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔