پی ایچ ایف کا سلطان اذلان شاہ کپ میں شرکت کے لیے ملائیشین ہاکی فیڈریشن کی دعوت قبول
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اکتوبر2026ء) پاکستان ہاکی فیڈریشن نے نومبر 2026 میں ملائیشیا میں منعقد ہونے والے معتبر سلطان اذلان شاہ کپ میں قومی سینئر ہاکی ٹیم کی شرکت کے لیے ملائیشین ہاکی فیڈریشن کی

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اکتوبر2026ء) پاکستان ہاکی فیڈریشن نے نومبر 2026 میں ملائیشیا میں منعقد ہونے والے معتبر سلطان اذلان شاہ کپ میں قومی سینئر ہاکی ٹیم کی شرکت کے لیے ملائیشین ہاکی فیڈریشن کی دعوت باضابطہ طور پر قبول کر لی ہے۔ اس فیصلے کا مقصد پاکستانی کھلاڑیوں کو بین الاقوامی سطح پر کھیلنے کے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کرنا اور قومی ہاکی ٹیم کی کارکردگی کو بہتر بنانا ہے۔ ٹورنامنٹ میں قومی ٹیم کی شرکت سے کھلاڑیوں کو عالمی سطح کی ٹیموں کے خلاف کھیلنے، میچ کا تجربہ حاصل کرنے اور اپنی تکنیکی صلاحیتوں اور مسابقتی معیار کو بہتر بنانے کا موقع ملے گا۔ دوسری جانب پاکستان کی انڈر21 ہاکی ٹیم پہلے ہی سلطان آف جوہور کپ میں شرکت کے لیے ملائیشیا میں موجود ہے، جہاں نوجوان کھلاڑیوں کو بین الاقوامی ٹیموں کے خلاف اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع میسر آ رہا ہے۔ پی ایچ ایفانڈر 18، انڈر 21، سینئر مردوں اور خواتین کی قومی ٹیموں سمیت تمام کیٹیگریز میں کھلاڑیوں کی ترقی کے لیے جامع حکمت عملی پر عمل پیرا ہے۔ اس حکمت عملی کا مقصد نوجوان ٹیلنٹ کو آگے لانا، کھیل کے پیشہ ورانہ معیار کو بلند کرنا اور پاکستانی کھلاڑیوں کو بین الاقوامی ہاکی میں اعلی سطح پر مقابلہ کرنے کے لیے تیار کرنا ہے۔ فیڈریشن کی جانب سے بہتر کوچنگ، تربیتی سہولیات، بین الاقوامی مقابلوں میں شرکت اور کھلاڑیوں کے لیے بہتر مالی مراعات و معاونت کے نظام پر بھی توجہ دی جا رہی ہے، تاکہ کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے ساتھ میرٹ اور کارکردگی کو فروغ دیا جا سکے اور نوجوان کھلاڑیوں کو سینئر قومی ٹیم تک پہنچنے کے لیے ایک مستحکم راستہ فراہم کیا جا سکے۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی ٹورنامنٹس میں مسلسل شرکت، معیاری کوچنگ اور منظم تربیت پاکستان ہاکی کی بحالی کے لیے بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔ فیڈریشن قومی ٹیموں کو مضبوط بنانے، کھلاڑیوں کی صلاحیتوں پر سرمایہ کاری کرنے اور پاکستانی ہاکی کو عالمی سطح پر دوبارہ نمایاں مقام دلانے کے لیے پرعزم ہے۔



