اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 اکتوبر2026ء) وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن ہاکی کی بحالی کے لیے کوششیں کرتی نظر آ رہی ہے،آسٹرو ٹرف پر کھیلنے کے لیے زیادہ اسٹیمنا درکار ہوتا ہے، ہمارے کھلاڑی بعض اوقات فٹنس میں پیچھے رہ جاتے ہیں، نارووال اسپورٹس سٹی بنانے پر مجھے سزا دی گئی۔وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے پاکستان ہاکی فیڈریشن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن ہاکی کی بحالی کے لیے کوششیں کرتی نظر آ رہی ہے، کھیلوں کے لیے وسائل کی کمی پر قابو پایا جا رہا ہے، کھلاڑیوں کو وسائل کی کمی کا سامنا نہیں ہونا چاہیے، کھلاڑیوں کی پوری توجہ صرف اپنی کارکردگی پر ہونی چاہیے، جب ہوش سنبھالا تو پاکستان کے لیے ہاکی میں گولڈ میڈل جیتنا معمول سمجھا جاتا تھا، پاکستان کی موجودہ ہاکی ٹیم سے بھی سب کو بہت امیدیں ہیں۔ احسن اقبال نے کہا کہ دنیا میں کھیلوں کا انداز بدل چکا ہے، اب کھیل سائنس بن چکے ہیں، جدید کھیلوں میں ٹیکنالوجی اور ڈیٹا کا استعمال کیا جا رہا ہے، آسٹرو ٹرف پر کھیلنے کے لیے زیادہ اسٹیمنا درکار ہوتا ہے، ہمارے کھلاڑی بعض اوقات فٹنس میں پیچھے رہ جاتے ہیں، نارووال اسپورٹس سٹی بنانے پر مجھے سزا دی گئی، پاکستان اور چین کے درمیان 26 اکتوبر کو نارووال اسپورٹس سٹی میں ہاکی میچ ہوگا، نارووال اسپورٹس سٹی کو پاکستان ہاکی کا ہوم گراؤنڈ قرار دینا چاہیے، نارووال اسپورٹس سٹی کو کھیلوں کے لیے مکمل طور پر استعمال کرنا چاہیے تاکہ پاکستان کا ٹیلنٹ سامنے آ سکی