مکسڈ مارشل آرٹس فائٹرز کی گاما ایشین ایم ایم اے چیمپئن شپ میں شاندار کارکردگی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 جولائی2026ء) پاکستان کے نوجوان مکسڈ مارشل آرٹس فائٹرز محمد ثاقب اور محمد جواد نے گاما ایشین ایم ایم اے چیمپئن شپ2026 میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی اپنی کیٹ

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 جولائی2026ء) پاکستان کے نوجوان مکسڈ مارشل آرٹس فائٹرز محمد ثاقب اور محمد جواد نے گاما ایشین ایم ایم اے چیمپئن شپ2026 میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی اپنی کیٹیگریز کے فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا جس کے بعد پاکستان کے لیے گولڈ میڈلز کی امیدیں مزید روشن ہو گئی ہیں۔ چیمپئن شپ میں15 ممالک کے200 نوجوان اور سینئر ایتھلیٹس حصہ لے رہے ہیں، جہاں پاکستانی فائٹرز نے سخت مقابلوں میں قازقستان اور کرغزستان کے مضبوط حریفوں کو شکست دے کر اپنی تکنیکی مہارت، عزم اور فائٹنگ اسپرٹ کا بھرپور مظاہرہ کیا۔ محمد ثاقب انڈر 18 کیٹیگری کے فائنل میں قازقستان کے فائٹر کے مدمقابل ہوں گے، جبکہ محمد جواد انڈر 16 کیٹیگری کے فائنل میں قازقستان کے حریف کا سامنا کریں گے۔ محمد ثاقب اس سے قبل 2024 کی گاما ورلڈ ایم ایم اے چیمپئن شپ میں گولڈ میڈل بھی اپنے نام کر چکے ہیں اور بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے لیے متعدد نمایاں کامیابیاں حاصل کر چکے ہیں۔ پاکستان مکسڈ مارشل آرٹس فیڈریشن کے صدر ذوالفقار علی نے دونوں نوجوان فائٹرز کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پوری ٹیم نے محنت، بہترین تربیت اور غیر معمولی جذبے کے ساتھ ملک کی نمائندگی کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں قومی ایتھلیٹس اور کوچنگ اسٹاف پر فخر ہے اور امید ہے کہ محمد ثاقب اور محمد جواد فائنل میں بھی عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے پاکستان کے لیے گولڈ میڈلز جیتیں گے۔



