لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جولائی2026ء) ترجمان پاکستان ہاکی فیڈریشن کے مطابق پاکستان کی انڈر 21 ہاکی ٹیم نے اپنے غیر ملکی دورے کا کامیاب آغاز کرتے ہوئے پانچ میچوں کی سیریز کے پہلے مقابلے میں عمان کی سینئر قومی ٹیم کو 2-0 سے شکست دے دی۔ترجمان نے بتایا کہ پاکستان کی جانب سے عبداللہ نے پینلٹی اسٹروک پر پہلا گول اسکور کیا، جبکہ رانا سمیع نے شاندار فیلڈ گول کر کے ٹیم کی کامیابی یقینی بنائی۔ انہوں نے کہا کہ یہ مقابلہ انتہائی سخت موسمی حالات میں کھیلا گیا، جہاں کھیل کے دوران درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ تھا جبکہ شدید حبس کے باعث اس کی شدت 45 ڈگری سینٹی گریڈ تک محسوس کی جا رہی تھی۔ترجمان کے مطابق میچ ابتدا میں رات کے وقت شیڈول تھا، تاہم اچانک آنے والے سمندری بگولے (ٹورنیڈو) سے مرکزی گرانڈ کو نقصان پہنچنے کے باعث انتظامیہ نے ہنگامی بنیادوں پر میچ کا وقت تبدیل کرتے ہوئے اسے شام 4:30 بجے متبادل پچ پر منتقل کر دیا۔ ترجمان نے مزید کہا کہ نامساعد حالات کے باوجود پاکستان انڈر 21 کے کھلاڑیوں نے بہترین فٹنس، نظم و ضبط اور ٹیم ورک کا مظاہرہ کیا۔ ان کے بقول سینئر بین الاقوامی ٹیم کے خلاف یہ کامیابی نوجوان کھلاڑیوں کے اعتماد میں اضافے اور آئندہ مقابلوں کی تیاری کے لیے نہایت اہم سنگِ میل ثابت ہوگی۔