لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 جولائی2026ء) نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے زیر اہتمام وائٹ بال کیمپ کا سلسلہ جاری ہے، جہاں قومی کرکٹرز اپنی فٹنس، تکنیکی مہارت اور کھیل کے مختلف شعبوں میں بہتری کے لیے بھرپور ٹریننگ کر رہے ہیں۔کیمپ کے دوران کھلاڑیوں نے ایل سی سی اے گرائونڈ میں نیٹ پریکٹس کے علاوہ فیلڈنگ سیشن میں بھی حصہ لیا۔ بیٹرز نے نیٹ میں مختلف طرز کی بولنگ کا سامنا کرتے ہوئے اپنی بیٹنگ تکنیک کو بہتر بنانے پر توجہ دی جبکہ بولرز نے لائن، لینتھ اور مختلف انداز کی گیندوں پر بھرپور مشق کی۔ ٹریننگ سیشن کے دوران کوچنگ سٹاف نے کھلاڑیوں کے ساتھ انفرادی اور گروپ کی بنیاد پر کام کرتے ہوئے بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ کی مہارتوں کو مزید نکھارنے پر خصوصی توجہ دی۔ فیلڈنگ ڈرلز کے ذریعے کیچنگ، گرائونڈ فیلڈنگ، تھروئنگ اور ردعمل کی رفتار بہتر بنانے کی مشقیں بھی کرائی گئیں۔ ذرائع کے مطابق وائٹ بال کیمپ کا مقصد کھلاڑیوں کو آئندہ بین الاقوامی مصروفیات کے لیے جسمانی اور ذہنی طور پر تیار کرنا، ان کی تکنیکی خامیوں کو دور کرنا اور ٹیم کے مجموعی معیار کو مزید بہتر بنانا ہے۔ کوچز کھلاڑیوں کی کارکردگی کا مسلسل جائزہ لے رہے ہیں تاکہ مستقبل کے مقابلوں کے لیے بہترین کمبی نیشن تشکیل دیا جا سکے۔