لیڈز (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 30 جولائی 2026ء ) برطانیہ کی ایک مقامی کرکٹ لیگ کا بظاہر معمولی سا میچ ایک منفرد تنازع کے باعث عالمی خبروں کی زینت بن گیا، جہاں ایک فیلڈر پر انگلیوں سے چٹکی بجا کر امپائر کو دھوکہ دینے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ یہ واقعہ نارتھ یارکشائر اینڈ ساؤتھ ڈرہم کرکٹ لیگ کے سیکنڈ الیون ڈویژن ٹو میں سالٹ برن اور نورٹن کے درمیان کھیلے گئے میچ کے دوران پیش آیا۔ وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جب نورٹن کے بلے باز نعمان شبیر کے قریب سے گیند گزرتی ہے تو شارٹ لیگ پر موجود ایک فیلڈر مبینہ طور پر انگلیوں سے چٹکی بجاتا ہے۔ اگلے ہی لمحے وکٹ کیپر جوش بوز گیند کو کیچ کر لیتے ہیں اور پوری ٹیم زور دار اپیل کرتی ہے، جس پر امپائر بلے باز کو آؤٹ قرار دے دیتے ہیں۔