چیچہ وطنی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جولائی2026ء) بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ میں منعقدہ 10ویں ساؤتھ ایشین سینئر کراٹے چیمپئن شپ میں ساہیوال سے تعلق رکھنے والے باصلاحیت کراٹے کھلاڑی محمد حسنین جمیل نے سینئر فائٹنگ کیٹیگری(انڈر 80 کلوگرام)میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے برونز میڈل اپنے نام کر لیا۔ اسی چیمپئن شپ کے دوران محمد حسنین جمیل کے کوچ شاہد عتیق نے بھی ایک اہم اعزاز حاصل کرتے ہوئے ایشین کوالیفائیڈ کومائیٹے جج کا امتحان کامیابی سے پاس کر لیا، جو پاکستان کے لیے ایک اور قابلِ فخر کامیابی ہے۔ اس شاندار کامیابی پر ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن ڈاکٹر سیف اللہ بھٹی نے اپنے دفتر میں محمد حسنین جمیل اور ان کے کوچ شاہد عتیق سے ملاقات کی۔ اس موقع پر پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما حاجی احسان الحق ادریس بھی موجود تھے۔ ڈاکٹر سیف اللہ بھٹی نے دونوں شخصیات کو ان کی نمایاں کامیابیوں پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا نام روشن کیا اور قومی پرچم کو سربلند کیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ محمد حسنین جمیل اور شاہد عتیق مستقبل میں بھی اپنی بہترین صلاحیتوں کے ذریعے ملک و قوم کے لیے مزید اعزازات حاصل کریں گے۔