فیصل آباد میں انڈر 17 اسکلز ڈویلپمنٹ کیمپ کا باقاعدہ آغاز
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جولائی2026ء) فیصل آباد میں پاکستان کرکٹ کے مستقبل کے باصلاحیت کھلاڑیوں کو نکھارنے کے لیے انڈر 17 اسکلز ڈویلپمنٹ کیمپ کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا۔ پی سی بی کے مطابق کیمپ کے

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جولائی2026ء) فیصل آباد میں پاکستان کرکٹ کے مستقبل کے باصلاحیت کھلاڑیوں کو نکھارنے کے لیے انڈر 17 اسکلز ڈویلپمنٹ کیمپ کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا۔ پی سی بی کے مطابق کیمپ کے پہلے مرحلے میں ملک کے مختلف علاقوں سے منتخب کیے گئے 48 باصلاحیت نوجوان کرکٹرز شریک ہیں، جنہیں جدید تقاضوں سے ہم آہنگ تربیت فراہم کی جا رہی ہے۔ کیمپ کے دوران کھلاڑیوں کی تکنیکی، جسمانی اور ذہنی صلاحیتوں میں بہتری پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے تاکہ انہیں اعلی سطح کی کرکٹ کے لیے تیار کیا جا سکے۔ تربیتی پروگرام میں بیٹنگ، بولنگ، فیلڈنگ، فٹنس اور میچ کی صورتحال سے نمٹنے سمیت مختلف شعبوں پر عملی مشقیں کرائی جا رہی ہیں۔کیمپ کی سرگرمیوں کے سلسلے میں آج دو ٹیموں کے درمیان 50 اوورز پر مشتمل پریکٹس میچ کھیلا جا رہا ہے، جس کا مقصد کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کا عملی جائزہ لینا اور انہیں مسابقتی ماحول فراہم کرنا ہے۔ کوچنگ اسٹاف میچ کے دوران ہر کھلاڑی کی کارکردگی کا باریک بینی سے مشاہدہ کر رہا ہے تاکہ آئندہ مراحل کے لیے بہترین ٹیلنٹ کا انتخاب کیا جا سکے۔انڈر 17 اسکلز ڈویلپمنٹ کیمپ کی نگرانی سابق ٹیسٹ کرکٹر اور ہیڈ کوچ اعجاز احمد جونیئر کر رہے ہیں، جو نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی مہارت، تجربے اور تکنیکی رہنمائی سے مستفید کر رہے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس نوعیت کے کیمپوں کا مقصد باصلاحیت نوجوان کرکٹرز کی صلاحیتوں کو نکھارنا اور مستقبل میں قومی ٹیم کے لیے مضبوط کھلاڑی تیار کرنا ہے۔



