لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جولائی2026ء) پاکستان ویمن ٹی ٹوئنٹی ٹیم کی کپتان منیبہ علی نے کہا ہے کہ ٹیم سری لنکا کے شہر ڈمبولا میں ہونے والی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں بھرپور مقابلے کے لیے پرعزم ہے اور کھلاڑی شاندار کارکردگی کے ذریعے دورے کا اختتام سیریز میں کامیابی کے ساتھ کرنا چاہتے ہیں۔ پی سی بی کی طرف سے جاری بیان میں منیبہ علی نے کہا کہ پاکستان کی قیادت کرنا ان کے لیے ہمیشہ اعزاز کی بات ہے۔ ان کی ترجیح نوجوان کھلاڑیوں کو آگے لانا اور ٹیم کے لیے مثبت نتائج حاصل کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی سکواڈ میں کئی باصلاحیت نوجوان کھلاڑی شامل ہیں اور انہیں عالمی معیار کے کھلاڑیوں کے خلاف کھیلتے دیکھنا انتہائی دلچسپ ہوگا کیونکہ ایسے مواقع نوجوانوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔پاکستانی کپتان نے سری لنکا کی ٹیم کو ایک مضبوط حریف قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ کسی بھی صورتحال سے کم بیک کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے اس لیے پاکستانی ٹیم مکمل تیاری اور موثر منصوبہ بندی کے ساتھ میدان میں اترے گی تاکہ سیریز اپنے نام کی جا سکے۔