سرگودھا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 جولائی2026ء) ڈسٹرکٹ فٹ بال ایسوسی ایشن سرگودھا کی جنرل کونسل کا سالانہ اجلاس گزشتہ روز ایک مقامی ہوٹل میں منعقد ہوا جس کی صدارت ڈسٹرکٹ فٹ بال ایسوسی ایشن کے صدر جبار حسین کھوکھر نے کی۔ اجلاس میں ڈسٹرکٹ فٹ بال ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری حافظ طاہر محمود نے ایسوسی ایشن کی سالانہ کارکردگی اور آئندہ کے لائحہ عمل پر رپورٹ پیش کی۔ اجلاس میں ڈسٹرکٹ فٹ بال ایسوسی ایشن سے منسلک تمام کلبوں کے عہدیداروں کے علاوہ فنانس سیکرٹری ڈاکٹر ثنائ اللّٰہ خان نے شرکت کی۔ اجلاس میں ضلع کے کلبوں کے کھلاڑیوں کی رجسٹریشن کے عمل اور آئندہ ماہ اگست میں ہونے والی ڈسٹرکٹ فٹ بال چیمپئن شپ اور آزادی کپ فٹ بال ٹورنامنٹ کے بارے میں آگاہ کیا گیا اور روواں سال سرگودھا میں انڈر16 اور انڈر17 فٹ بال ٹورنامنٹ منعقد کروانے پر غور کیا گیا۔ سرگودھا ڈسٹرکٹ میں فٹ بال کی بہتری کی لئے مختلف کمیٹیاں بھی تشکیل دی گئی۔ان کمیٹیوں میں ڈسٹرکٹ فٹ بال ایسوسی ایشن کے سینئر نائب صدر یاسر اقبال وڑائچ، نائب صدور رانا محسن، محمد عثمان تقی، صابر علی اور اظہر خدا داد، لیگل ایڈوائزر رانا وسیم اکرم( ایڈوکیٹ)، ایسوسی ایٹ سیکرٹری مہر نوید (ایڈوکیٹ)، جوائنٹ سیکرٹری محمد نعیم اور سرپرست اعلیٰ محمد ریاض بٹ شامل ہیں۔