لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 30 جولائی 2026ء ) قومی اتھلیٹ ارشد ندیم کامن ویلتھ گیمز جیولین تھرو مقابلے کے فائنل میں پہنچ گئے۔ قومی ایتھلیٹ ارشد ندیم نے ٹاپ 12 اتھلیٹ میں جگہ بنا لی ۔ گلاسگو میں جاری کامن ویلتھ گیمز میں جیولین تھرو کا فائنل کل ہوگا۔ پاکستان کے ارشد ندیم نے پہلی تھرو 78.63میٹر کی پھینکی، دوسری تھرو ضائع ہوگئی جب کہ تیسری تھرو 75.65 میٹر کی پھینکی۔ پاکستان ہی کے محمد یاسر کی پہلی تھرو ضائع ہوگئی، انہوں نے دوسری تھرو 71.42 میٹر کی پھینکی جب کہ تیسری تھرو 74.36 میٹر کی پھینکی۔ پہلی تھرو میں بھارت کے نیرج چوپڑا پاکستانی ارشد ندیم سے پیچھے رہے، بھارت کے نیرج چوپڑا نے دوسری تھرو 79.61 میٹر کی پھینکی۔  ادھر میاں چنوں میں ارشد ندیم کا کوالیفائنگ راؤنڈ دیکھنے کے لیے اہل علاقہ کی بڑی تعداد ان کے گھر جمع ہوگئی،ان کے گھر میں میلے کا سماں رہا۔ گاؤں کے لوگ ارشد ندیم کی کامیابی کے لیے ان کے گھر اکٹھے ہوئے اور ان کیلئے دعائیں کیں۔