سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جولائی2026ء) ڈسٹرکٹ سپورٹس ڈیپارٹمنٹ سرگودھا کے زیرِ اہتمام انٹر تحصیل (مرد و خواتین) بیڈمنٹن چیمپئن شپ 2026 کا انعقاد سپورٹس جمنازیم سرگودھا میں ہوا، جس میں ضلع سرگودھا کی تمام تحصیلوں سے تعلق رکھنے والے مرد و خواتین کھلاڑیوں نے بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ حصہ لیا اور اعلیٰ معیار کے کھیل کا شاندار مظاہرہ کرتے ہوئے حاضرین سے خوب داد وصول کی۔ مردوں کے مقابلوں میں تحصیل بھلوال نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ تحصیل سرگودھا نے رنر اپ ٹرافی اپنے نام کی۔ خواتین کے ٹیم ایونٹ میں سپیریئر کالج نے چیمپئن شپ جیتی جبکہ ریڈر کالج سرگودھا رنر اپ رہا۔انفرادی مرد سنگلز مقابلوں میں طاہر سلطان چیمپئن اور کاشان رنر اپ قرار پائے۔ خواتین سنگلز میں عائشہ ممتاز نے پہلی جبکہ ثنا رمضان نے دوسری پوزیشن حاصل کی۔ مرد ڈبلز میں کاشان اور سلطان نے چیمپئن شپ اپنے نام کی جبکہ طاہر اور معاذ رنر اپ رہے۔ خواتین ڈبلز میں ثنا اور عائشہ نے طلائی تمغہ جیتا جبکہ معصومہ اور عائشہ نے رنر اپ پوزیشن حاصل کی۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر سرگودھا صائمہ منظور نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں میں کھیلوں کے فروغ اور مثبت سرگرمیوں کو عام کرنا حکومت پنجاب کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹورنامنٹ کے تمام مقابلوں کی نگرانی انہوں نے خود کی تاکہ ہر کھلاڑی کو مکمل شفافیت، میرٹ اور مساوی مواقع فراہم کیے جا سکیں اور کسی بھی قسم کی حق تلفی نہ ہو۔