ہالینڈ کے رچرڈ ڈی سنائیجر پاکستان ویمنز ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ مقرر
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 جولائی2026ء) پاکستان ہاکی فیڈریشن نے خواتین کی ہاکی کی بحالی اورطویل المدتی حکمت عملی کے تحت ہالینڈ کے معروف کوچ رچرڈ ڈی سنائیجر کو قومی ویمنز ہاکی ٹیم کا ہیڈ کوچ مق

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 جولائی2026ء) پاکستان ہاکی فیڈریشن نے خواتین کی ہاکی کی بحالی اورطویل المدتی حکمت عملی کے تحت ہالینڈ کے معروف کوچ رچرڈ ڈی سنائیجر کو قومی ویمنز ہاکی ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کر دیا ہے۔ رچرڈ ڈی سنائیجر ہالینڈ اور بیلجیئم میں دو دہائیوں سے زائدعرصے سے کوچنگ اور کھلاڑیوں کی تربیت کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔ وہ کے ایچ سی ڈریگنز، ریپڈ ٹیمسے اور ایل ایم ایچ سی لارن کے ٹیکنیکل ڈائریکٹر کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکے ہیں، جبکہ ایچ سی روٹرڈیم اور لارن سمیت سرفہرست ویمنز ٹیموں کی کوچنگ اور ڈچ یوتھ نیشنل ٹیموں اور دیگر بین الاقوامی ہاکی پروگرامز کے ساتھ بھی کام کر چکے ہیں۔ وہ قومی ویمنز ٹیم کے تکنیکی معیار کو بہتر بنانے کے لیے نیشنل کوچنگ ایڈوائزر ہرمن کروئس اور قومی کوچنگ اسٹاف کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔ اس کے علاوہ وہ یورپی ہاکی کلبوں کے ذریعے پاکستانی کھلاڑیوں کے لیے بین الاقوامی تربیت کے مواقع پیدا کرنے میں بھی مدد کریں گے تاکہ انہیں اہم عالمی مقابلوں کے لیے تیار کیا جا سکے۔ گزشتہ کئی دہائیوں سے پاکستان میں خواتین ہاکی کا کھیل عدم توجہی کا شکار رہاہے، جہاں کوچنگ، بنیادی ڈھانچے اور بین الاقوامی ایکسپوژر پر مناسب توجہ نہیں دی گئی تاہم پی ایچ ایف اس صورتحال کو بدلنے اور سکول کی سطح سے قومی ٹیم تک لڑکیوں کی ہاکی کیلئے ایک پائیدار نظام قائم کرنے کیلئے پرعزم ہے۔ پی ایچ ایف کے صدر محی الدین احمد وانی کا اس موقع پر کہنا تھا کہ ہماری لڑکیاں بہترین مواقع کی حقدار ہیں۔ رچرڈ ڈی سنائیجر کی تقرری اور ہرمن کروئس کی رہنمائی میں ہم خواتین کے لیے ایک جدید اور اعلیٰ کارکردگی کے حامل ہاکی پروگرام پر کام کر رہے ہیں۔ ان شاء اللہ پی ایچ ایف ہماری لڑکیوں کی مکمل سرپرستی اور حوصلہ افزائی کرے گی، سکولوں سے قومی ٹیم تک ٹیلنٹ کی تیاری کے مضبوط نظام کو فروغ دے گی اور بین الاقوامی ویمنز ہاکی میں پاکستان کا نام روشن کرے گی۔



