کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جولائی2026ء) وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر نادر نبیل گبول نے کہا ہے کہ لیاری کھیلوں کا مرکز اور امن کا گہوارہ ہے اور لیاری کے باکسرز اور فٹبالرز نے پاکستان کا نام دنیا میں روشن کرتے ہوئے اپنے باکسنگ کھیل کی مہارت کا مظاہرہ کیا۔ کراچی ڈویژن باکسنگ ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام سندھ باکسنگ ایسوسی ایشن کے تعاون سے علی محمد قمبرانی باکسنگ ارینا ککری اسپورٹس کمپلیکس میں تین روزہ "کراچی کپ" انٹر ڈسٹرکٹ انڈر 15 و 17 باکسنگ چیمپئن شپ کے فائنل مقابلوں کے اختتام پر تقسیم انعامات کے موقع پر باکسرز و آفیشلز سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پرسندھ باکسنگ ایسوسی ایشن کے صدر اصغر بلوچ ،لیاری ٹاؤن کے چیئرمین خلیل اوتھہ،اولمپین مھر اللہ، انٹرنیشنل باکسرز نادر بلوچ، عدنان بابا، عامر خان، موسیٰ قمبرانی کے علاوہ کمشنر کراچی کے ڈائریکٹر اسپورٹس حاجی غلام محمد خان، سندھ اولمپک کے سرپرست شکیل شیخ،اور ممتاز اسپورٹس منتظم فہیم قریشی موجود تھے جبکہ ریفری ججز کے فرائض رستم بلوچ، گلزار خان، شیر محمد، عبدالوحید درویش، عبدالرشیدبلوچ، مراد بخش، شاہ زیب نے انجام دیئے۔ تین روزہ مقابلوں میں کراچی کے تمام اضلاع سے 240 مرد و خواتین باکسرز نے ریکارڈ تعداد میں حصہ لیا اور کل 180 مقابلے منعقد ہوئے جس میں کراچی ساؤتھ نے 8 گولڈ لے کر پہلی، کراچی کیماڑی نے 2 گولڈ لے کر دوسری پوزیشن حاصل کی۔