لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 جولائی2026ء) ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی نے سپورٹس انفراسٹرکچر کی بہتری اور نوجوانوں کو جدید سہولیات کی فراہمی کیلئے مظفرگڑھ کا دورہ کیا۔ڈی جی سپورٹس نے تحصیل سپورٹس سٹیڈیم علی پور، سپورٹس کمپلیکس شہر سلطان تحصیل جتوئی، سپورٹس کمپلیکس تحصیل جتوئی، جمنازیم ہال مظفرگڑھ، کرکٹ سٹیڈیم مظفرگڑھ، فیصل سٹیڈیم مظفرگڑھ ، ای لائبریری اورسپورٹس ڈیپارٹمنٹ کی 15دکانوں کا معائنہ کیا ۔ اس موقع پرڈویژنل سپورٹس آفیسرڈیرہ غازیخان ڈاکٹر فیصل امیر احمد خان ، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر مظفرگڑھ محمد کلیم خان اور پی ایم یو سپورٹس کے افسران بھی موجود تھے۔ڈائریکٹرجنرل سپورٹس نے اس موقع پر کہا ہے کہ پنجاب میں سپورٹس انفراسٹرکچر کا جال بچھایا جارہا ہے،سپورٹس ڈیپارٹمنٹ پنجاب کی اولین ترجیح کھلاڑیوں کو سپور ٹس کی ہرممکن سہولیات فراہم کرنا ہے، تمام سپورٹس سہولیات کو بین الاقوامی معیار کے مطابق بنایا جا رہا ہے ، وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق صوبے بھر میں سپورٹس کلچر کو فروغ دینے کیلئے بہترین اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ محمدطارق قریشی نے مزید کہا ہے کہ نوجوان کھلاڑیوں کو کھیلوں کی جانب راغب کرنے اور انہیں اپنی صلاحیتوں کے اظہار کیلئے ہرممکن وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں تاکہ سپورٹس ترقی کرے۔سی ایم پنجاب اکیڈیمز میں کھلاڑیوں کی مفت تربیت کا سلسلہ جاری ہے ،ان اکیڈیمز کا دائرہ پورے پنجاب تک پھیلا جارہا ہے تاکہ کھلاڑیوں کو معیاری تربیت فراہم کی جاسکے۔ انہوں نے افسران کوزیر تعمیر سپورٹس سکیموں کو بروقت مکمل کرنے اور سپورٹس سہولیات کی اپ گریڈیشن، بحالی اور صفائی کے معیار کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔