ویلز کی مردوں کی ٹیم کا پروفائل جاری
لوزان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 جولائی2026ء) فیڈریشن آف انٹرنیشنل ہاکی (ایف آئی ایچ) نے 2026 ہاکی ورلڈ کپ سے قبل ٹیموں کے تعارفی سلسلے میں ویلز کی مردوں کی ٹیم کا پروفائل جاری کر دیا ہے۔ ایف آئی ایچ کے

لوزان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 جولائی2026ء) فیڈریشن آف انٹرنیشنل ہاکی (ایف آئی ایچ) نے 2026 ہاکی ورلڈ کپ سے قبل ٹیموں کے تعارفی سلسلے میں ویلز کی مردوں کی ٹیم کا پروفائل جاری کر دیا ہے۔ ایف آئی ایچ کے مطابق عالمی درجہ بندی میں 15ویں نمبر پر موجود ویلز مسلسل دوسری مرتبہ ہاکی ورلڈ کپ میں شرکت کرے گا، جو اس کی حالیہ برسوں کی شاندار کارکردگی کا ثبوت ہے۔ ویلز نے رواں سال چلی کے شہرسانتیاگو میں ہونے والے ورلڈ کپ کوالیفائنگ ٹورنامنٹ میں عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے ایونٹ کے لیے کوالیفائی کیا۔ میزبان چلی کے خلاف ابتدائی میچ 2-2 سے برابر رہا، فرانس کے ہاتھوں 5-0 کی شکست کے بعد ویلز نے اسکاٹ لینڈ کو 5-0 سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنائی۔ سیمی فائنل میں آئرلینڈ سے 4-0 سے ہارنے کے باوجود ویلز نے تیسری پوزیشن کے میچ میں پولینڈ کو 2-1 سے شکست دے کر ورلڈ کپ کا ٹکٹ حاصل کر لیا۔ ویلز اس سے قبل 2023 کے ورلڈ کپ میں پہلی مرتبہ شریک ہوا تھا، جہاں اس نے 11ویں پوزیشن حاصل کی تھی۔ ٹیم نے 2025 میں یورو ہاکی چیمپئن شپ ٹو بھی جیت کر 2027 یورو ہاکی چیمپئن شپ کے لیے ترقی حاصل کی۔ ویلز کے ہیڈ کوچ ڈینی نیوکمب ہیں، جنہوں نے 2020 میں ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد ٹیم کو مسلسل دوسری مرتبہ ورلڈ کپ تک پہنچایا۔ ان کی قیادت میں ویلز نے عالمی سطح پر اپنی شناخت مزید مضبوط کی ہے۔ہوسی کمرو کے چیف ایگزیکٹو پال ووفہم نے کہا کہ دوسری مرتبہ ورلڈ کپ میں رسائی پورے ویلش ہاکی خاندان کے لیے فخر کا لمحہ ہے۔ ایف آئی ایچ ہاکی ورلڈ کپ 2026 کا آغاز 15 اگست سے بیلجیئم اور نیدرلینڈز میں ہوگا، جہاں مردوں اور خواتین دونوں کے مقابلے پہلے روز ہی شروع ہوں گے۔



