دبئی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 29 جولائی 2026ء ) پاکستان کے موجودہ اور سابق کپتانوں بابر اعظم ، شان مسعود اور فاسٹ باؤلر محمد عباس نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ابتدائی ٹیسٹ میں شاندار کارکردگی کے بعد آئی سی سی کی تازہ ترین ٹیسٹ رینکنگ میں اپنی پوزیشنیں بہتر کر لی ہیں۔ آئی سی سی ٹیسٹ بیٹنگ رینکنگ میں بابر اعظم 686 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ 19 ویں سے 15 ویں نمبر پر آ گئے ہیں جبکہ شان مسعود پہلے ٹیسٹ میں سنچری کے بعد 590 پوائنٹس کے ساتھ 44 ویں سے 36 ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔ تاہم پاکستان کے کئی دوسرے بلے باز رینکنگ میں پھسل گئے۔ سعود شکیل 641 پوائنٹس کے ساتھ 21 ویں سے 24 ویں نمبر پر آ گئے جبکہ وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان 638 پوائنٹس کے ساتھ آٹھ درجے گر کر 26 ویں نمبر پر آ گئے۔ آل راؤنڈر سلمان علی آغا بھی 607 پوائنٹس کے ساتھ چار درجے کھسک کر 32 ویں نمبر پر ہیں۔ بائیں ہاتھ کے اوپنر امام الحق اپنی 53 ویں پوزیشن پر برقرار ہیں جبکہ عبداللہ شفیق 511 پوائنٹس کے ساتھ ایک درجہ تنزلی کے ساتھ 57 ویں نمبر پر ہیں۔ آل راؤنڈر عامر جمال بھی 100ویں نمبر پر رہے۔ آئی سی سی ٹیسٹ بیٹنگ رینکنگ میں آسٹریلیا کے ٹریوس ہیڈ بدستور سرفہرست ہیں جس کے بعد انگلینڈ کے ہیری بروک دوسرے اور ساتھی کھلاڑی جو روٹ تیسرے نمبر پر ہیں۔ آئی سی سی ٹیسٹ باؤلنگ رینکنگ میں دائیں ہاتھ کے تیز گیند باز محمد عباس نے پاکستانی کھلاڑیوں میں سب سے بڑا فائدہ 690 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ 26 ویں سے 17 ویں نمبر پر پہنچ کر حاصل کیا۔ سپنر نعمان علی نے 809 پوائنٹس کے ساتھ ساتویں پوزیشن برقرار رکھی۔ بائیں ہاتھ کے تیز گیند باز شاہین شاہ آفریدی 617 پوائنٹس کے ساتھ چار درجے کھسک کر 29 ویں جبکہ اسپنر ساجد خان 545 پوائنٹس کے ساتھ ایک درجہ تنزلی کے ساتھ 35 ویں نمبر پر آگئے۔ فاسٹ بولر حسن علی 501 پوائنٹس کے ساتھ 38 ویں نمبر پر برقرار ہیں۔ تیز گیند باز خرم شہزاد ایک درجے تنزلی کے ساتھ 52 ویں، عامر جمال 81 ویں، اسپنر آصف آفریدی تین درجے تنزلی کے ساتھ 87 ویں، فاسٹ بولر محمد علی 93 ویں جبکہ سلمان علی آغا 4 درجے تنزلی کے ساتھ 99 ویں نمبر پر پہنچ گئے۔ ہندوستان کے جسپریت بمراہ بدستور دنیا کے ٹاپ رینکنگ ٹیسٹ بولر ہیں، اس کے بعد نیوزی لینڈ کے میٹ ہنری دوسرے اور آسٹریلیا کے مچل اسٹارک تیسرے نمبر پر ہیں۔