گلاسگو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 جولائی2026ء) گلاسگو میں جاری کامن ویلتھ گیمز کے ایتھلیٹکس مقابلوں کے دوران شدید بارش نے کھلاڑیوں کے لیے شدید مشکلات پیدا کر دیں، تاہم نامساعد حالات کے باوجود کئی نئے ریکارڈ قائم ہو گئے۔بی بی سی کے مطابق بارش اور شدید ٹھنڈ کے باعث ہائی جمپ اور ہیمر تھرو کے مقابلے کچھ دیر کے لئے روکنا پڑے۔ انگلینڈ کی ایمی ہنٹ نے 100 میٹر ریس میں سلور میڈل حاصل کرنے کے بعد بتایا کہ انہوں نے ٹھنڈ سے بچنے کے لئے ٹانگوں پر 'ڈیپ ہیٹ' والینیٹ کریم کا استعمال کیا تاکہ مسلز کو گرم رکھا جا سکے۔ مردوں کی 10,000 میٹر ریس کے دوران یوگنڈا کے سیموئیل سمبا چیروپ کا جوتا نکل گیا لیکن انہوں نے 15 لیپ بھیگی ہوئی جراب کے ساتھ مکمل کیے اور 7 ویں پوزیشن حاصل کی۔ ان حالات کے باوجود کچھ تاریخی کارکردگیاں بھی سامنے آئیں۔ کیمرون کے ایمانوئیل ایسیمے نے مردوں کی 100 میٹر ریس 9.83 سیکنڈز میں جیت کر نیا کامن ویلتھ گیمز ریکارڈ قائم کیا۔ کینیڈا کی کیمرین راجرز نے ہیمر تھرو میں 74.91 میٹر کی تھرو پھینک کر نیا گیمز ریکارڈ بنایا، جبکہ نیوزی لینڈ کی زو ہوبز نے خواتین کی 100 میٹر ریس میں گولڈ میڈل اپنے نام کیا۔دوسری جانب کچھ نامور کھلاڑیوں کو شدید دشواری کا سامنا بھی کرنا پڑا۔ ہائی جمپ میں انگلینڈ کی مورگن لیک اپنے تینوں چانسز میں ناکام رہیں، جبکہ ہیپٹاتھلون کی کھلاڑی کیٹ او کونر نے بتایا کہ ہاتھوں پر چاک گیلا ہونے کی وجہ سے گرپ بنانا انتہائی مشکل ہو گیا تھا، اس کے باوجود انہوں نے 200 میٹر ریس جیت کر اپنی ٹاپ پوزیشن دوبارہ حاصل کر لی۔