واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 جولائی2026ء) آسٹریلیا کے سابق عالمی نمبر ون ٹینس کھلاڑی لیٹن ہیوٹ کے بیٹے کروز ہیوٹ نے اپنے اے ٹی پی ٹور کے مین ڈرا ڈیبیو میں سابق عالمی نمبر 37 اور موجودہ 85 ویں رینکنگ کے حامل کھلاڑی مارکوس گیرون کو سٹریٹ سیٹس میں 3-6 اور 4-6 سے شکست دے کر پہلی بڑی کامیابی حاصل کر لی ہے۔ای ایس پی این کے مطابق واشنگٹن ڈی سی میں کھیلے گئے میچ میں کامیابی کے بعد کروز ہیوٹ سال 2008 یا اس کے بعد پیدا ہونے والے چوتھے ایسے کھلاڑی بن گئے ہیں جنہوں نے ٹور لیول کا میچ جیتا ہے۔ اس کے ساتھ ہی وہ 2007 میں جاپان کے کی نیشیکوری کے بعد واشنگٹن میں میچ جیتنے والے سب سے کم عمر کھلاڑی بھی بن گئے ہیں۔ اس فتح کی بدولت کروز ہیوٹ اے ٹی پی لائیو رینکنگ میں ترقی پاتے ہوئے 255 درجے کی بڑی چھلانگ لگا کر 357 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کروز ہیوٹ نے بتایا کہ ان کے والد لیٹن ہیوٹ نے انہیں ہر لمحے سے لطف اندوز ہونے اور ہر پوائنٹ پر توجہ مرکوز کرنے کا مشورہ دیا تھا، جس پر انہوں نے مکمل عمل کیا اور فتح حاصل کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہیوٹ نام کے ساتھ منسلک توقعات اور دباؤ کو وہ مثبت انداز میں سنبھالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ اب دوسرے رائونڈ میں ان کا مقابلہ الیکس ڈی منار اور سٹيفانوس کے درمیان ہونے والے میچ کے فاتح سے ہوگا۔