لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جولائی2026ء) مسلم ٹائون میں فٹ بال میچ کے دوران 19سالہ نوجوان ریان یعقوب کو قتل کرنے کے مقدمے میں ملوث تین ملزمان کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق ریان یعقوب کو فٹ بال میچ کھیلنے کے دوران ہونے والی تلخ کلامی کے بعد ملزمان نے مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں وہ جان کی بازی ہار گیا۔ واقعے کے بعد ملزمان موقع سے فرار ہو گئے تھے۔ایس پی اقبال ٹائون کے مطابق پولیس نے پیشہ ورانہ مہارت، جدید ٹیکنالوجی اور مختلف شواہد کی مدد سے کارروائی کرتے ہوئے قتل میں ملوث تینوں ملزمان کو گرفتار کر لیا ۔پولیس کے مطابق ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے اور واقعے کے تمام پہلوئوں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔