ٹاروبا ٹیسٹ ،تیسرے روز ویسٹ انڈیز نے پاکستان کے خلاف 126رنز بنالیے، 155 رنز کی برتری حاصل
جمیکا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 جولائی2026ء) ویسٹ انڈیز اور پاکستان کے درمیان کھیلا جا رہا پہلا ٹیسٹ میچ فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہوگیا جہاں تیسرے دن کے اختتام پر ویسٹ انڈیز نے پاکستان کے خلاف دوسری اننگ

جمیکا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 جولائی2026ء) ویسٹ انڈیز اور پاکستان کے درمیان کھیلا جا رہا پہلا ٹیسٹ میچ فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہوگیا جہاں تیسرے دن کے اختتام پر ویسٹ انڈیز نے پاکستان کے خلاف دوسری اننگز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 126 رنز بنا کر مجموعی طور پر 155رنز کی برتری حاصل کرلی ۔پاکستان کے فاسٹ بائولر محمد عباس کی عمدہ بائولنگ کا سلسلہ برقرار ہے ، انہوں نے دوسری اننگز میں 3،خرم شہزاد نے 2 جبکہ محمد علی اور عامر جمال نے ایک، ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔ برائن لارا کرکٹ اکیڈمی میں جاری پہلے ٹیسٹ کے تیسرے روز جب کھیل شروع ہوا تو پاکستان نے 311 رنز کے جواب میں 199 رنز پر 3 وکٹوں سے اپنی پہلی ادھوری اننگز دوبارہ شروع کی، تاہم شان مسعود کے سوا کوئی بھی بیٹر بڑی اننگز نہ کھیل سکا اور پوری ٹیم 282 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ شان مسعود نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 109 رنز بنائے جبکہ سلمان علی آغا 20، خرم شہزاد 19، محمد رضوان 12، عامر جمال 3 اور علی عثمان کھاتہ کھولے بغیر آؤٹ ہوئے جبکہ محمد عباس بھی کوئی رن نہ بنا سکے۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے جسٹن گریوز نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 5 ،کیمار روچ اور شیمار جوزف نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔29 رنز کی برتری کے ساتھ دوسری اننگز شروع کرنے والی میزبان ویسٹ انڈیز کی ٹیم کو ابتدا میں ہی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور اس کی 4 وکٹیں صرف 43 رنز پر گر گئیں۔ بعد ازاں تیجا نارائن چندر پال 35، جسٹن گریوز 20 اور کپتان روسٹن چیز 5 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ میچ کے تیسرے روز جب کھیل ختم ہوا تو ویسٹ انڈیز نے 7 وکٹوں پر 126 رنز بنا لیے اور اسے پاکستان پر مجموعی طور پر 155 رنز کی برتری حاصل ہو چکی ہے۔ شیمار جوزف 22 اور کیمار روچ 5 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں ۔پاکستان کی جانب سے عمدہ بائولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے محمد عباس نے 3 اور خرم شہزاد نے دو وکٹیں حاصل کی جبکہ محمد علی اور عامر جمال نے ایک، ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔



