لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 جولائی2026ء) انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن (ایف آئی ایچ)کے ترجمان نے کہا ہے کہ ایف آئی ایچ ہاکی ورلڈ کپ 2026 سے قبل فرانس کی مردوں کی ٹیم مسلسل بہتری، شاندار کارکردگی اور مضبوط اعتماد کے ساتھ عالمی ایونٹ میں شرکت کے لیے تیار ہے۔ 28 برس بعد عالمی کپ میں واپسی کرنے والی فرانسیسی ٹیم اب تیسری مرتبہ مسلسل ورلڈ کپ کھیلنے جا رہی ہے اور حالیہ کامیابیوں نے اسے خطرناک حریف بنا دیا ہے۔ ایف آئی ایچ کے ترجمان کے مطابق عالمی درجہ بندی میں نویں نمبر پر موجود فرانس نے رواں سال چلی کے شہر سان تیاگو میں ہونے والے ورلڈ کپ کوالیفائنگ ٹورنامنٹ میں دوسری پوزیشن حاصل کر کے ایونٹ کے لیے کوالیفائی کیا۔ ابتدائی میچ میں سکاٹ لینڈ سے شکست کے باوجود فرانس نے ویلز کو 0-5 سے شکست دی، میزبان چلی کے خلاف مقابلہ برابر کیا اور سیمی فائنل میں پولینڈ کو 2-4 سے ہرا کر ورلڈ کپ میں جگہ یقینی بنائی، جبکہ فائنل میں اسے آئرلینڈ کے ہاتھوں 2-1 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ ایف آئی ایچ کے مطابق فرانس کے ہیڈ کوچ جان جان دوہمن ہیں، جو بیلجیئم کے عظیم سابق مڈفیلڈر اور 2018 کے ورلڈ کپ فاتح کپتان رہ چکے ہیں۔ انہوں نے فروری 2025 میں فرانس کی کوچنگ سنبھالی اور مختصر عرصے میں ٹیم میں جیت کا جذبہ اور بہتر حکمت عملی متعارف کرائی ۔فرانس کے ہیڈ کوچ جان جان دوہمن کا کہنا ہے کہ ان کی ٹیم ہر ٹورنامنٹ کے ساتھ بہتر ہو رہی ہے اور ورلڈ کپ میں بھی بہترین کارکردگی دکھانے کی کوشش کرے گی۔ فرانسیسی کھلاڑی تیموتھی کلیمنٹ نے کہا کہ نیشنز کپ میں کامیابی کے فورا بعد ٹیم نے ورلڈ کپ کی تیاری شروع کر دی تھی۔انکا مقصد مضبوط حریفوں کو ٹف ٹائم دینا، اپ سیٹ کرنا اور ہر میچ میں اپنی بہترین ہاکی پیش کرنا ہے۔ایف آئی ایچ کے ترجمان نے مزید بتایا کہ دفاعی کھلاڑی وکٹر شارلے فرانس کے اہم ترین کھلاڑیوں میں شامل ہیں، جو پنالٹی کارنر پر غیرمعمولی مہارت رکھتے ہیں۔ وہ اب تک 183 بین الاقوامی میچوں میں 176 گول کر چکے ہیں اور نیشنز کپ میں بھی آٹھ گول کر کے ٹاپ سکورر رہے تھے۔ ایف آئی ایچ ہاکی ورلڈ کپ 2026 کا آغاز 15 اگست سے بیلجیئم اور نیدرلینڈز میں ہوگا، جہاں فرانس اپنا پہلا میچ میزبان بیلجیئم کے خلاف کھیلے گا۔