پی سی بی، ڈومیسٹک کرکٹ سیزن2026-27 کے لیے نئی فٹنس پالیسی جاری
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 جولائی2026ء) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ڈومیسٹک کرکٹ سیزن2026-27 کے لیے نئی فٹنس پالیسی جاری کردی ہے،جس کا اطلاق ریجنل،ڈیپارٹمنٹل، ضلعی اور زونل ٹیموں پر ہوگا۔نئی پا

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 جولائی2026ء) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ڈومیسٹک کرکٹ سیزن2026-27 کے لیے نئی فٹنس پالیسی جاری کردی ہے،جس کا اطلاق ریجنل،ڈیپارٹمنٹل، ضلعی اور زونل ٹیموں پر ہوگا۔نئی پالیسی کے تحت تمام عمر کے کھلاڑیوں کے لیے جامع فٹنس ٹیسٹنگ اور فٹنس میں بہتری کا منصوبہ متعارف کرایا گیا ہے۔ڈائریکٹر سپورٹس اینڈ ایکسرسائز میڈیسن جاوید مغل نے دو سطحوں پر مشتمل فٹنس پلان تیار کیا ہے،جسے بین الاقوامی کرکٹ کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے مرتب کیا گیا ہے۔ فٹنس پالیسی کے مطابق ٹائر ون میں ریجنل،فرسٹ کلاس اور گریڈ ٹو ڈیپارٹمنٹل ٹیموں کے کھلاڑی شامل ہوں گے، جبکہ ٹائر ٹو میں سینئر ڈسٹرکٹ،انڈر 19،انڈر 17 اور انڈر15 ٹیموں کے کھلاڑی شامل کیے جائیں گے۔ ٹائر ون کے کھلاڑیوں کو 11 مختلف فٹنس ٹیسٹس دینا ہوں گے،جبکہ ٹائر ٹو کے کھلاڑی مجموعی طور پر آٹھ مختلف ٹیسٹوں سے گزریں گے۔ٹائر ون میں آٹھ یا اس سے زائد ریڈ سکور حاصل کرنے والا کھلاڑی فٹنس ٹیسٹ میں ناکام تصور ہوگا،جبکہ ٹائر ٹو میں چھ یا اس سے زیادہ ریڈ سکور پر کھلاڑی کو ناکام قرار دیا جائے گا۔ فٹنس ٹیسٹ میں ناکام ہونے والے کھلاڑیوں کو تمام ٹیسٹس دوبارہ دینا ہوں گے،جبکہ کامیاب کھلاڑیوں کا چھ ماہ بعد دوبارہ فٹنس جائزہ لیا جائے گا ۔پی سی بی کے منظور شدہ اسٹرینتھ اینڈ کنڈیشننگ کوچز ملک بھر میں فٹنس ٹیسٹس کا انعقاد کریں گے،جن کے نتائج نیشنل کرکٹ اکیڈمی اور میڈیکل اینڈ سپورٹس سائنس ڈپارٹمنٹ کو ارسال کیے جائیں گے۔



