ڈھاکہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جولائی2026ء) بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی)نے آسٹریلیا کے خلاف کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میچ کے لئے 15 رکنی قومی سکواڈ کا اعلان کر دیا جس میں اب تک کوئی ٹیسٹ نہ کھیلنے والے فاسٹ بائولر مشفق حسن کو شامل کیا گیا ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق یہ دورہ بنگلہ دیشی کرکٹ ٹیم کے لئے انتہائی اہم اور تاریخی ہے کیونکہ یہ ٹیم 23 سال بعد آسٹریلیا کی سر زمین پر ٹیسٹ سیریز کھیلنے جا رہی ہے۔ موجودہ سکواڈ میں شامل کسی بھی کھلاڑی کو اس سے قبل آسٹریلیا میں ٹیسٹ میچ کھیلنے کا تجربہ حاصل نہیں ۔بنگلہ دیشی فاسٹ بولنگ اٹیک کو ان دنوں شدید مشکلات اور انجریز کا سامنا ہے، تیز گیند باز ناہید رانا زخمی ہونے کی وجہ سے 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز سے باہر ہو چکے ہیں جس کے باعث سلیکٹرز کے پاس محدود آپشنز بچے اور مشفق حسن کی ٹیم میں شمولیت کی راہ ہموار ہوئی۔ وکٹ کیپر وبلے باز لٹن داس بھی پہلے ٹیسٹ سے باہر ہو گئے ہیں، تاہم ان کی دوسرے ٹیسٹ میں واپسی کی امید ہے۔ دوسری جانب بائیں ہاتھ کے تیز گیند باز شریف الاسلام کی بھی دوسرے ٹیسٹ میں واپسی متوقع ہے ۔بنگلہ دیشی ٹیم یکم اگست کو آسٹریلیا روانہ ہوگی جہاں وہ 6 سے 8 اگست تک ڈارون میں کرکٹ آسٹریلیا الیون کے خلاف 3 روزہ وارم اپ میچ کھیلے گی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ 13 اگست سے ڈارون جبکہ دوسرا اور آخری ٹیسٹ میچ 22 اگست سے میکے میں گریٹ بیریئر ریف ارینامیں شروع ہوگا۔ پہلے ٹیسٹ کے لیے بنگلہ دیشی سکواڈنجم الحسن شانتو (کپتان)، سومیاسرکار، شادمان اسلام، تنزید حسن تمیم، مومن الحق، مشفق الرحیم، امیت حسن، ذاکر علی انک، مہدی حسن معراج (نائب کپتان)، تجمل اسلام، تسکین احمد، حسن محمود، سید خالد احمد، عبادت حسین چوہدری اور مشفق حسن پر مشتمل ہے۔