ٹروبا (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 27 جولائی 2026ء ) قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ویسٹ انڈیز کیخلاف جاری پہلے ٹیسٹ میچ کے دوران کرکٹ کی تاریخ کا ایک منفرد ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔ ٹروبا میں کھیلے جارہے ٹیسٹ کے دوسرے روز پاکستانی کپتان بابر اعظم ایک بار پھر کریز پر سیٹ ہونے کے بعد لمبی باری نہیں کھیل سکے اور 23 رنز بنا کر جیڈن سیلز کی وکٹ بن گئے۔ تاہم اس دوران بابر اعظم نے ٹیسٹ کرکٹ میں اپنے 4500 رنز مکمل کیے اور ایک منفرد اعزاز بھی اپنے نام کرلیا۔ 31 سالہ بیٹر اب تینوں فارمیٹس میں 4500 رنز مکمل کرنے والے دنیائے کرکٹ کے پہلے بیٹر بن گئے ہیں۔ بابر اعظم نے اب تک ٹیسٹ کرکٹ میں 4504 ، ون ڈے کرکٹ میں 6626 اور ٹی ٹونٹی کرکٹ میں 4596 رنز سکور کررکھے ہیں۔