لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جولائی2026ء) ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا،جس میں سی ایم پنجاب سپورٹس اکیڈیمز کے فیز ٹو، سالانہ سپورٹس کیلنڈر اور سپورٹس پروگرامز کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں ڈائریکٹر ایڈمن عابد شوکت، ڈائریکٹر سپورٹس چاند پروین اور ڈپٹی ڈائریکٹر ظہور احمدودیگر نے شرکت کی جبکہ پنجاب کے تمام ڈویژنل اور ڈسٹرکٹ سپورٹس افسران نے آن لائن اجلاس میں شرکت کی ہے۔ ڈائریکٹرجنرل سپورٹس نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے تمام ڈویژنز اور اضلاع میں سی ایم پنجاب سپورٹس اکیڈیمز کا دائرہ کار وسیع کیا جا رہا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ نوجوانوں کو کھیلوں کی مفت اور معیاری تربیت فراہم کی جا سکے۔ انہوں نے کہاکہ لاہور میں اس وقت 2500 سے زائد گرلز اینڈ بوائز کو مختلف کھیلوں کی مفت تربیت دی اور پنجاب میں کھیلوں کے فروغ و نوجوان ٹیلنٹ کو آگے لانے کیلئے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ محمد طارق قریشی نے مزید کہا کہ سالانہ سپورٹس کیلنڈر کے تحت سپورٹس پروگرامز کا انعقادکیا جا رہا ہے،سپورٹس ڈیپارٹمنٹ پنجاب کی سپورٹس سہولیات استعمال کرنے والے کوچز کی تربیت کی جائے گی تاکہ کوچنگ کے معیار کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔انہوں نے کہاکہ محکمہ کھیل پنجاب کا بنیادی مقصد صوبے میں سپورٹس کلچر کو فروغ دینا اور نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنا ہے۔ڈی جی سپورٹس نے تمام ڈویژنل اور ڈسٹرکٹ سپورٹس افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اپنے اضلاع میں موجود سپورٹس سہولیات کا روزانہ کی بنیاد پر دورہ کریں اور ان کی بہتری کے لیے ضروری اقدامات یقینی بنائیں۔