لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جولائی2026ء) یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی (یو ایم ٹی) کے ویٹ لفٹرز نے نیشنل ویٹ لفٹنگ چیمپئن شپ 2026 میں غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 6 گولڈ اور 4 سلور میڈلز جیت کر نئی تاریخ رقم کر دی۔ یو ایم ٹی کے کھلاڑیوں کی شاندار کامیابی کی بدولت ہائر ایجوکیشن کمیشن نے مردوں اور خواتین دونوں کیٹیگریز میں مجموعی چیمپئن شپ ٹرافی اپنے نام کر لی۔ چیئرمین و صدر یو ایم ٹی ابراہیم حسن مراد نے اس کامیابی پر یو ایم ٹی فیملی، کھلاڑیوں، کوچز اور سپورٹ سٹاف کو دلی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یو ایم ٹی کے کھلاڑیوں نے اپنی محنت، لگن اور غیر معمولی صلاحیتوں سے نہ صرف یونیورسٹی بلکہ ہائر ایجوکیشن کمیشن کا نام بھی قومی سطح پر روشن کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یو ایم ٹی معیاری تعلیم کے ساتھ ساتھ جدید تربیت، بہترین کوچنگ اور باصلاحیت ایتھلیٹس کی کردار سازی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے جس کے مثبت نتائج قومی سطح پر نمایاں ہو رہے ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ یو ایم ٹی آئندہ بھی کھیلوں سمیت ہر شعبے میں نوجوانوں کو بہترین مواقع فراہم کرتی رہے گی۔چیمپئن شپ میں یو ایم ٹی کے 10 ویٹ لفٹرز نے ایچ ای سی کی نمائندگی کرتے ہوئے اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا۔ خواتین کے مقابلوں میں ماہم قاسم، عارفہ مشتاق، اقصی بشیر، زوہاجاوید، فضا کھوکھر سمیت دیگر کھلاڑیوں نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا، جبکہ مردوں کے مقابلوں میں سمیر بٹ، نور مصطفی، احمد بٹ، سید عزیر، مجاہد رسول اور دیگر ایتھلیٹس نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے ٹیم کی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا۔ چیمپئن شپ کے دوران ایچ ای سی کے ٹیم منیجر اور یو ایم ٹی کے سپورٹس انچارج علی رضا نے ٹیم کی رہنمائی، انتظامی امور اور کھلاڑیوں کی بھرپور معاونت میں اہم کردار ادا کیا، جسے ٹیم کی کامیابی کا ایک اہم عنصر قرار دیا گیا۔چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر نیاز احمد اور ڈی جی سپورٹس رضوان شوکت نے بھی یو ایم ٹی کی اس نمایاں کامیابی پر مبارکباد پیش کی۔ ڈاکٹر نیاز احمد نے کہا کہ اس کامیابی کا سہرا یو ایم ٹی کی انتظامیہ، کوچز، سپورٹ سٹاف اور کھلاڑیوں کی انتھک محنت اور ٹیم ورک کو جاتا ہے۔ انہوں نے یقین کا اظہار کیا کہ یو ایم ٹی مستقبل میں بھی قومی اور بین الاقوامی مقابلوں میں پاکستان اور ایچ ای سی کے لیے مزید اعزازات حاصل کرتی رہے گی۔