کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جولائی2026ء) سندھ حکومت نے رواں ماہ جولائی 2026سے جون 2027تک صوبہ کے 30اضلاع میں بڑے اسپورٹس و یوتھ ایونٹس کرانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔جمعہ کو جاری اعلامیہ کے مطابق وزیر کھیل سندھ سردار محمد بخش مہر نے سالانہ اسپورٹس کیلنڈر کی منظوری دے دی۔19ویں سندھ گیمز سکھر، سندھ پنک گیمز، تھر جیپ ریلی، سندھ بیچ گیمز، لیاری اسپورٹس فیسٹیول اور ای اسپورٹس چیمپئن شپ سمیت متعدد بڑے ایونٹس منعقد ہوں گے۔ اس سلسلے میں وزیر کھیل و امور نوجوانان سندھ سردار محمد بخش مہر کی صدارت میں محکمہ کھیل سندھ کے سالانہ اسپورٹس کیلنڈر سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں جولائی 2026 سے جون 2027 تک صوبے کے30اضلاع میں میگا اسپورٹس، یوتھ، روایتی اور خصوصی کھیلوں کی سرگرمیوں پر مشتمل سالانہ ایونٹس کے شیڈول کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں سیکرٹری کھیل منور علی مہیسر، ایڈیشنل سیکرٹری اسد اسحاق، چیف انجینئر محمد اسلم مہر اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کو سال بھر منعقد ہونے والے کھیلوں کے پروگرام پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔صوبائی وزیر کھیل نے رواں سال نومبر میں سکھر میں 19ویں سندھ گیمز منعقد کرانے کی منظوری دی، جبکہ سندھ اسپیشل گیمز اور سندھ پنک گیمز اکتوبر میں شہید بینظیر آباد میں منعقد ہوں گی۔ اسی طرح سیکنڈ ای اسپورٹس چیمپئن شپ نومبر میں کراچی میں جبکہ ونٹر کوچنگ کیمپس صوبے کے تمام 30 اضلاع میں لگائے جائیں گے۔ سردار محمد بخش مہر نے رواں سال دسمبر میں سندھ بیچ گیمز جبکہ فروری 2027 میں تھر جیپ ریلی 2027 تھرپارکر میں منعقد کرانے کی بھی منظوری دی۔ جنوری 2027میں تھر فیسٹیول مٹھی اور دریا اسپورٹس فیسٹیول حیدرآباد، اپریل میں لیاری اسپورٹس فیسٹیول، مئی میں سندھ پنک فٹبال چیمپئن شپ اور جون 2027 میں کراچی میں ڈونکی کارٹ ریس کے ساتھ سندھ بھر میں سمر کیمپس بھی منعقد کیے جائیں گے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ بھٹ شاہ میں حضرت شاہ عبداللطیف بھٹائی کے عرس کے موقع پر جولائی کے آخری ہفتے آل پاکستان ملاکھڑا منعقد ہوگا، جبکہ اکتوبر میں کراچی کے سچل گوٹھ میں میگا ملاکھڑا (سیزن ٹو) ہوگا۔ نومبر میں کوہستان بیل گاڑی دوڑ ضلع ٹھٹہ اور اقبال ڈے اسپورٹس فیسٹیول حیدرآباد میں منعقد کیا جائے گا۔وزیر کھیل سردار محمد بخش مہر نے بتایا کہ شہید بینظیر آباد میں سخی جام ڈاتار کے عرس کے موقع پر روایتی کھیلوں، ملاکھڑا اور کبڈی ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا جائے گا، جبکہ فروری 2027 میں حضرت لعل شہباز قلندر کے عرس مبارک کے موقع پر آل پاکستان ملاکھڑا بھی منعقد ہوگا۔ اسی ماہ ڈویژنل شہید بینظیر آباد اسپورٹس فیسٹیول بھی ہوگا۔ علاوہ ازیں شطرنج چیمپئن شپ حیدرآباد میں منعقد کرانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔اجلاس میں محکمہ کھیل سندھ کی جانب سے ٹرانسجینڈر افراد، خصوصی افراد، جامعات، اسکولوں، کالجوں اور جیلوں تک کھیلوں کی سرگرمیوں کے دائرہ کار کو وسعت دینے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ سندھ بھر میں ملاکھڑا، کوڈی کوڈی، کبڈی، شوٹنگ بال، اسٹریٹ چلڈرن گیمز (فٹبال، کرکٹ، گلی ڈنڈا، رسہ کود) سمیت دیگر روایتی کھیلوں کے مقابلے بھی منعقد کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہاکی، نیٹ بال، بیڈمنٹن، تھرو بال سمیت مختلف کھیلوں کی ایسوسی ایشنز کو کھیلوں کے فروغ کے لیے مالی معاونت بھی فراہم کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ ان سرگرمیوں کا مقصد صوبے بھر میں کھیلوں کو فروغ دینا، نوجوان ٹیلنٹ کو آگے لانا، ہر ضلع میں صحت مند اور مثبت سرگرمیوں کو فروغ دینا اور خواتین، خصوصی افراد اور روایتی کھیلوں کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔