اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جولائی2026ء) پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے رکن کانگریس اور ڈسٹرکٹ فٹ بال ایسوسی ایشن راولپنڈی کے صدر راجہ محمد اشتیاق نے کہا ہے کہ ملک میں کھیلوں کے لئے گراس روٹ سطح پر انفراسٹرکچر کی ضرورت ہے اور اس سلسلہ میں تعلیمی ادارے اپنا کردار ادا کر سکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں گراس روٹ سطح پر کھیلوں کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے اور اس ٹیلنٹ کو ابھارنے کے لئے اقدامات کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں تعلیمی اداروں اپنا اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ فٹ بال کے کھیل کی ترقی کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں راجہ محمد اشتیاق نے کہاکہ پاکستان فٹ بال فیڈریشن ملک بھر میں ضلعی سطح پر ڈسٹرکٹ فٹ بال چیمپئن شپ ایک ساتھ منعقد کروانے کی تیاری کر رہی ہے جس سے کلب سطح پر فٹ بال کے کھیل کو فروغ حاصل ہوگا۔ راولپنڈی میں فٹ بال کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ڈسٹرکٹ فٹ بال ایسوسی ایشن راولپنڈی سال میں تین سے چار ٹورنامنٹس منعقد کرواتی ہے جس میں ڈی ایف اے کے ساتھ منسلک فٹ بال کلبوں کے کھلاڑی حصہ لیتے ہیں، اس کے علاوہ کلب بھی اپنی مدد آپ کے تحت ٹورنامنٹس منعقد کرواتا ہے۔