لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جولائی2026ء) پاکستان کی مردوں کی ہاکی فائیو اے سائیڈ ٹیم نے 2026 ایشیئن ہاکی فائیو اے سائیڈ چیمپئن شپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے گولڈ میڈل فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا،جہاں آج رات اس کا مقابلہ روایتی حریف بھارت سے ہوگا۔ مسقط، عمان میں جاری ایونٹ میں پاکستان نے ابتدائی مرحلے میں میزبان عمان کو 5-0 اور بنگلہ دیش کو 5-2 سے شکست دی، جبکہ بعد ازاں عمان کو 7-3 اور 8-1 سے ہرایا۔ بنگلہ دیش کے خلاف ایک میچ 2-2 سے برابر رہا، تاہم مجموعی کارکردگی کی بنیاد پر قومی ٹیم نے فائنل میں جگہ بنا لی۔ دوسری جانب پاکستان ویمنز ہاکی فائیو اے سائیڈ ٹیم نے بھی اپنی پہلی بین الاقوامی شرکت میں متاثر کن کھیل پیش کرتے ہوئے شائقین کی توجہ حاصل کی۔ قومی خواتین ٹیم نے عمان کو تین مختلف میچز میں 6-0، 6-1 اور 11-0 سے شکست دی، جبکہ ایران کو بھی 5-2 سے ہرایا۔ ویمنز ٹیم کی اس کارکردگی کو پاکستان میں خواتین ہاکی کے روشن مستقبل کی ایک مثبت علامت قرار دیا جا رہا ہے ۔پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین احمد وانی نے مردوں کی ٹیم کو فائنل میں رسائی پر مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ قومی ٹیم بھارت کے خلاف فیصلہ کن مقابلے میں بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے ٹائٹل اپنے نام کرے گی۔ انہوں نے ویمنز ٹیم کی حوصلہ افزا کارکردگی کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ مختصر وقت میں باصلاحیت مرد و خواتین ٹیموں کی تشکیل اور انہیں بین الاقوامی ایونٹ میں شرکت کا موقع فراہم کرنا پاکستان ہاکی کے لیے ایک اہم پیش رفت ہے۔