لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جولائی2026ء) جنوبی افریقہ ویمنز انڈر 19 ٹیم کی کپتان میکی وین ورسٹ نے پاکستان کے کامیاب دورے کے اختتام پر پی سی بی کی مہمان نوازی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ یہاں انہیں بہترین ماحول اور سہولیات فراہم کی گئیں، جس پر وہ پی سی بی کی شکر گزار ہیں۔ پی سی بی ڈیجیٹل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کی ٹیم کو پانچ میچوں کی ٹی 20 سیریز2-3 سے جیتنے پر بے حد خوشی ہے کیونکہ اس کامیابی کے لیے کھلاڑیوں نے بھرپور محنت کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی کنڈیشنز جنوبی افریقہ سے خاصی مختلف تھیں، تاہم ٹیم نے حالات کے مطابق خود کو ڈھالا اور کامیاب کرکٹ کھیلی۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم کی بعض کھلاڑیوں کے لیے یہ بین الاقوامی کرکٹ کا پہلا تجربہ تھا اس لیے ایسی سیریز جیتنا ان کے لیے ہمیشہ یادگار رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ انڈر19 کھلاڑیوں کے لیے نائٹ میچز کا انعقاد ایک بہترین اقدام ہے، جس سے نوجوان کرکٹرز کو مستقبل کی بڑی کرکٹ کے لیے بہتر تیاری کا موقع ملتا ہے۔ انہوں نے پاکستانی ٹیم کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ شہر بانو نے پوری سیریز میں جارحانہ بیٹنگ کا عمدہ مظاہرہ کیا اور ان کی ہارڈ ہٹنگ خاص طور پر متاثر کن رہی۔ جنوبی افریقہ ویمنز انڈر19 ٹیم کی ہیڈ کوچ دنیشا دیونرائن نے کہا کہ پاکستان نے پوری سیریز میں معیاری کرکٹ کھیلی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تین لیفٹ آرم فاسٹ بولرز کے خلاف کھیلنا ان کی نوجوان کھلاڑیوں کے لیے ایک بہترین تجربہ ثابت ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور جنوبی افریقہ، دونوں ٹیموں میں مستقبل کے لیے باصلاحیت کھلاڑی موجود ہیں جو آگے چل کر بین الاقوامی سطح پر نمایاں کردار ادا کر سکتی ہیں۔ واضح رہے کہ جنوبی افریقہ ویمنز انڈر 19 ٹیم پانچ میچوں کی ٹی 20 اپنے نام کرنے کے بعد آج کراچی سے وطن واپس روانہ ہو گی۔