لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جولائی2026ء) پاکستان ویمنز انڈر 19 ٹیم کی کپتان فضہ فیاض نے کہا ہے کہ جنوبی افریقہ ویمنز انڈر 19 کے خلاف پانچ میچوں پر مشتمل ٹی 20 سیریز قومی ٹیم کے لیے سیکھنے اور تجربہ حاصل کرنے کا بہترین موقع ثابت ہوئی، جس میں کھلاڑیوں نے ہر میچ میں بھرپور جذبے اور فائٹنگ سپرٹ کے ساتھ کھیل پیش کیا۔ پی سی بی ڈیجیٹل سے گفتگو کرتے ہوئے فضہ فیاض نے کہا کہ بدقسمتی سے سیریز کا آخری اور فیصلہ کن میچ بارش کی نذر ہوگیا، تاہم مجموعی طور پر یہ سیریز نوجوان کھلاڑیوں کی صلاحیتوں میں نکھار لانے کے حوالے سے انتہائی مفید رہی۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ آٹھ ماہ کے دوران پاکستان ویمنز انڈر19 ٹیم نے اپنی مہارتوں کو بہتر بنانے کے لیے سخت محنت کی اور اس عرصے میں کھلاڑیوں نے بہت کچھ سیکھا، جس کا فائدہ سیریز کے دوران ان کی کارکردگی میں بھی نظر آیا۔ فضہ فیاض نے کہا کہ قومی انڈر19 ٹیم کی قیادت کرنا ان کے لیے ایک یادگار تجربہ رہا۔ بطور کپتان انہیں نہ صرف ذمہ داری نبھانے کا موقع ملا بلکہ کھیل کے مختلف پہلوئوں کو قریب سے سمجھنے اور اپنی قائدانہ صلاحیتوں کو نکھارنے کا بھی بھرپور موقع ملا۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ تینوں شعبوں میں مزید محنت کرے گی تاکہ آئندہ انڈر19 ویمنز ورلڈ کپ میں بہتر اور کامیاب کارکردگی کا مظاہرہ کیا جا سکے۔