میڈرڈ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جولائی2026ء) حال ہی میں ارجنٹینا کو شکست دے کر فیفا ورلڈکپ جیتنے والی ٹیم اسپین کے اسٹار کھلاڑی مارک کوکوریلا کے گھنگریالے اور لمبے بالوں کے پیچھے ایک جذباتی کہانی سامنے آئی ہے ۔فیفا ورلڈکپ جیتنے والی ٹیم اسپین کے اسٹار کھلاڑی مارک کوکوریلا کے یہ لمبے بال دنیا بھر میں ان کی منفرد پہچان بن چکے ہیں، تاہم یہ صرف ایک اسٹائل نہیں بلکہ ان کے بڑے بیٹے ماٹیو سے جڑا ایک گہرا جذباتی تعلق ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق کوکوریلا نے جان بوجھ کر لمبے بال رکھے ہیں اور وہ میچ کے دوران اپنے بال نہیں باندھتے تاکہ ان کا بڑا بیٹا ماٹیو، جو آٹزم کا شکار ہے، میدان میں انہیں دور سے آسانی سے پہچان سکے۔یہ سادہ سا فیصلہ ان کے لیے باپ ہونے کی ذمہ داری اور بیٹے سے لامحدود محبت کی علامت بن چکا ہے۔ اسپین کی ورلڈکپ فتح کے بعد کوکوریلا کی یہ کہانی ایک بار پھر توجہ کا مرکز بن گئی ہے۔ رپورٹس کے مطابق فٹبال کے میدان سے باہر مارک کوکوریلا اور ان کی پارٹنر کلاڈیا روڈریگیز کو اپنے بیٹے کی آٹزم کی تشخیص کے بعد شدید مشکل وقت کا سامنا کرنا پڑا۔ایمازون پرائم کی ایک دستاویزی فلم میں کلاڈیا نے انکشاف کیا کہ جب انہیں احساس ہوا کہ ان کا چار سالہ بیٹا دیگر بچوں سے مختلف انداز میں نشوونما پا رہا ہے، تو وہ مدد کی تلاش میں شدید ذہنی دباؤ کا شکار ہو گئیں۔ انہوں نے بتایا کہ ہم روز بیٹے کو اسکول چھوڑنے کے بعد واپسی پر روتے تھے، جبکہ اس دوران وہ اپنے دوسرے بیٹے ریو کی پیدائش کے مراحل سے بھی گزر رہی تھیں۔اسپینش فٹبالر کوکوریلا نے بھی اعتراف کیا کہ بیٹے کی آٹزم کی تشخیص کو قبول کرنا آسان نہیں تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ جب آپ کو معلوم ہوتا ہے کہ آپ کا بچہ آٹسٹک ہے تو والدین اس کے لیے بالکل تیار نہیں ہوتے، اور ہمیں بھی اس حوالے سے بہت کچھ سیکھنا پڑا۔ انہوں نے جذباتی انداز میں کہا کہ کاش میرے پاس ایک روپیہ بھی نہ ہوتا، مگر میرا بیٹا بالکل صحت مند ہوتا۔واضح رہے کہ مارک کوکوریلا اور کلاڈیا 2018 سے ایک ساتھ ہیں اور اس وقت وہ تین بچوں ماٹیو، ریو اور بیلا کے والدین ہیں۔یاد رہے کہ فیفا ورلڈکپ کے فائنل میں اسپین نے دفاعی چیمپئن ارجنٹینا کو صفر کے مقابلے میں ایک گول سے شکست دے کر دوسری بار یہ عالمی ٹائٹل اپنے نام کیا تھا