اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔21 نومبر ۔2026 ) اسلام آباد سمیت ملک بھر میں خناق، کالی کھانسی اور خسرے کے کیسز میں اضافہ ہو رہا ہے ملک بھر میں موسمی انفلوئنزا کے بڑھتے کیسز پر بھی قومی ادارہ صحت نے الرٹ جاری کر دیا. متعدی بیماریوں کے پھیلاﺅپر قومی ادارہ صحت نے 2 الگ الگ ایڈوائزریز جاری کی ہیں حکام کا کہنا ہے کہ اسلام آباد کے پمز ہسپتال میں خناق کے کئی مریض زیرِ علاج ہیں، اسلام آباد اور راولپنڈی میں کالی کھانسی کے کیسز بھی سامنے آئے ہیں جبکہ ملک بھر میں خسرے سے کئی سو بچوں کی اموات ہو چکی ہیں. ویکسی نیشن کی ناکافی شرح پر ماہرین نے تشویش کا اظہار کیا ہے طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ بچوں کی ویکسی نیشن بڑھانے میں وفاقی اور صوبائی ادارے موثر کردار ادا نہیں کر سکے، جبکہ سوشل میڈیا پر ویکسین کے خلاف منفی مہم روکنے میں بھی متعلقہ ادارے ناکام رہے.