سینیٹر خرم ذیشان کا گورنر کے پی کو 5 کروڑ روپے ہرجانے کا قانونی نوٹس
کوہاٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 نومبر2026ء) پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر خرم ذیشان نے غیر قانونی سونے کی کان کنی اور کالعدم دہشت گرد تنظیموں سے مبینہ روابط کے الزامات کو بے بنیاد، من گھڑت اور ہتک آ

کوہاٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 نومبر2026ء) پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر خرم ذیشان نے غیر قانونی سونے کی کان کنی اور کالعدم دہشت گرد تنظیموں سے مبینہ روابط کے الزامات کو بے بنیاد، من گھڑت اور ہتک آمیز قرار دیتے ہوئے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کو پانچ (5)کروڑ روپے ہرجانے کا قانونی نوٹس بھجوا دیا ہے۔یہ قانونی نوٹس گزشتہ روز راولپنڈی کی قانونی فرم کنسیلیم لاء فرم کے توسط سے سینیٹر خرم ذیشان کے وکیل واسط علی شاہ ایڈووکیٹ نے ہتک عزت آرڈیننس 2002 کی دفعہ 8 اور پاکستان پینل کوڈ کی دفعات 499 اور 500 کے تحت جاری کیا ہے۔ قانونی نوٹس کے مطابق گورنر فیصل کریم کنڈی نے مبینہ طور پر 14 نومبر 2026 کو پشاور میں ایک پریس کانفرنس کے دوران سینیٹر خرم ذیشان پر خیبرپختونخوا میں غیر قانونی سونے کی کان کنی کے کاروبار میں ملوث ہونے اور اس سرگرمی کو سیاسی پشت پناہی فراہم کرنے کے الزامات عائد کیے تھے۔ ان الزامات کے ضمن میں کوہاٹ کے درب کچ واقعہ کا حوالہ بھی دیا گیا تھا جبکہ سینیٹر کو کالعدم اور ممنوعہ دہشت گرد تنظیموں سے منسلک کرنے کی کوشش بھی کی گئی تھی۔ نوٹس میں ان الزامات کو سراسر جھوٹا، بدنیتی پر مبنی اور کسی مستند ثبوت یا قانونی بنیاد سے محروم قرار دیتے ہوئے مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ سینیٹر خرم ذیشان کا غیر قانونی کان کنی یا کسی کالعدم تنظیم سے براہِ راست یا بالواسطہ کوئی تعلق نہیں ہے۔ مزید کہا گیا ہے کہ ان الزامات کے سلسلے میں سینیٹر کے خلاف کوئی ایف آئی آر یا پولیس مقدمہ بھی درج نہیں ہے۔ وکیل کے مطابق ان الزامات کے نتیجے میں سینیٹر کی سیاسی ساکھ، عزت، عوامی وقار اور شہرت کو شدید نقصان پہنچا ہے جبکہ ان کے اہل خانہ کو بھی ذہنی اذیت اور سکیورٹی خدشات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔قانونی نوٹس میں مزید انکشاف کیا گیا ہے کہ سینیٹر خرم ذیشان نے شفافیت اور جوابدہی کے اعلیٰ معیار کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی سیاسی جماعت کی منظوری سے سینیٹ کی نشست سے رضاکارانہ طور پر استعفیٰ دینے کی پیشکش بھی کی ہے تاکہ ان کے خلاف عائد الزامات کی آزادانہ اور غیر جانبدارانہ تحقیقات ممکن بنائی جا سکیں۔ نوٹس میں خبردار کیا گیا ہے کہ سینیٹر کو کالعدم دہشت گرد تنظیموں سے منسلک کرنے والے الزامات نے ان کی اور ان کے خاندان کی جان و سلامتی کو خطرے میں ڈال دیا ہے جس کے ممکنہ نتائج کی ذمہ داری گورنر پر عائد ہوگی۔قانونی نوٹس کے ذریعے گورنر فیصل کریم کنڈی سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ نوٹس کی وصولی کے 14 روز کے اندر تمام الزامات غیر مشروط طور پر واپس لیں، پریس کانفرنس کے ذریعے تحریری اور عوامی معذرت کریں اور اس معذرت کو ان تمام پرنٹ، الیکٹرانک اور ڈیجیٹل میڈیا پلیٹ فارمز پر یکساں نمایاں طور پر شائع اور نشر کروائیں جہاں یہ الزامات سامنے آئے تھے۔ اس کے علاوہ گورنر کو آئندہ سینیٹر خرم ذیشان کے خلاف کسی بھی قسم کے ہتک آمیز بیانات دینے یا ان کی تشہیر سے باز رہنے اور مبینہ طور پر پہنچنے والے نقصان کے ازالے کے لیے پانچ کروڑ روپے بطور ہرجانہ ادا کرنے کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے۔قانونی نوٹس میں واضح کیا گیا ہے کہ مقررہ 14 روز کے اندر مطالبات پر عمل درآمد نہ ہونے کی صورت میں سینیٹر خرم ذیشان کی جانب سے ہرجانے کی وصولی کے لیے دیوانی مقدمہ دائر کرنے کے علاوہ ہتک عزت آرڈیننس اور تعزیرات پاکستان کی متعلقہ دفعات کے تحت فوجداری کارروائی بھی شروع کی جائے گی۔



