اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 نومبر2026ء) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ریاض میں شاہ عبداللہ فنانشل ڈسٹرکٹ پر حوثی حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہری انفراسٹرکچر اور اقتصادی تنصیبات کو نشانہ بنانے والی اس طرح کی غیر ذمہ دارانہ جارحیت کسی صورت قابل قبول نہیں، یہ علاقائی امن و استحکام کے لیے خطرہ ہے۔ ہفتہ کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ایک بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان برادر اسلامی ملک سعودی عرب اور اس کے عوام کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے، ہم سعودی عرب کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع اور اپنے شہریوں اور وہاں مقیم افراد کے تحفظ کے حق کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم خطے میں پائیدار امن و استحکام کے لیے تمام کوششوں کی حمایت جاری رکھیں گے۔