کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جولائی2026ء) پاکستان کے معروف اسلامی بینک میزان بینک نے رسک ایسوسی ایٹس کی جانب سے کیے گئے جامع جائزے کے بعد PCI DSS v4.0.1 سرٹیفکیشن کامیابی سے حاصل کر لیا ہے۔ واضح رہے کہ رسک ایسوسی ایٹس عالمی سطح پر تسلیم شدہ PCI کوالیفائیڈ سیکیورٹی اسیسر (QSA) ادارہ ہے۔یہ سرٹیفکیشن کارڈ ہولڈرز کے ڈیٹا کے تحفظ، محفوظ ادائیگیوں کے نظام اور بینک کے تیزی سے فروغ پاتے ڈیجیٹل اور پیمنٹ ایکو سسٹم میں مضبوط سیکیورٹی کنٹرولز برقرار رکھنے کے حوالے سے میزان بینک کے پختہ عزم کا اظہار ہے۔ یہ کامیابی بینک کی جانب سے بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ سیکیورٹی معیارات کو اپنانے اور صارفین کو محفوظ، قابلِ اعتماد اور جدید بینکاری خدمات فراہم کرنے کے عزم کی بھی عکاسی ہے۔ اس سلسلے میں منعقدہ تقریب میں PCI DSS سرٹیفکیٹ آف کمپلائنس رسک ایسوسی ایٹس گروپ کے چیئرمین ڈاکٹر آفتاب رضوی اور رسک ایسوسی ایٹس پاکستان کے چیف ایگزیکٹو آفیسر و کنٹری ہیڈ نوید نقوی نے میزان بینک کے چیف انفارمیشن سیکیورٹی آفیسر فہد اعظم کو پیش کیا۔ اس موقع پر رسک ایسوسی ایٹس کے ہیڈ آف بزنس ڈیولپمنٹ کاشف علی، میزان بینک کے چیف رسک آفیسر سید طارق حسن سمیت دونوں اداروں کے سینئر نمائندے بھی موجود تھے۔اس موقع پر رسک ایسوسی ایٹس گروپ کے چیئرمین ڈاکٹر آفتاب رضوی نے کہا کہ یہ سرٹیفکیشن ادائیگیوں کے تحفظ اور ریگولیٹری تقاضوں کی تکمیل کے حوالے سے میزان بینک کے فعال اور مؤثر طرزِ عمل کا واضح ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں مالیاتی ادارے تیزی سے ڈیجیٹلائزیشن کی جانب گامزن ہیں، ایسے میں یہ کامیابی اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ مؤثر سیکیورٹی نظام اور صارفین کا اعتماد ایک دوسرے کے لیے لازم و ملزوم ہیں۔ میزان بینک کے اس اہم سفر کا حصہ بننے پر ہمیں فخر ہے۔اس موقع پر میزان بینک کے چیف انفارمیشن سیکیورٹی آفیسر فہد اعظم نے کہا کہ PCI DSS v4.0.1سرٹیفکیشن کا حصول اس اس بات کا اعادہ ہیکہ ہم اپنے صارفین کی ادائیگیوں کے تحفظ اور ڈیٹا سیکیورٹی کے اعلیٰ ترین معیار کو برقرار رکھنے کے لیے پُرعزم ہیں۔ ہم اس جائزے کے دوران رسک ایسوسی ایٹس کی پیشہ ورانہ خدمات اور تکنیکی مہارت کو سراہتے ہیں اور مستقبل میں بھی اپنے سیکیورٹی نظام کو مزید مضبوط بنانے کے لیے کوشاں رہیں گے۔اس موقع پر رسک ایسوسی ایٹس پاکستان کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اور کنٹری ہیڈ نوید نقوی نے کہا کہ PCI DSS v4.0.1کے بین الاقوامی معیارات پر مکمل عمل درآمد میزان بینک کے سائبر سیکیورٹی، مؤثر گورننس اور صارفین کے ڈیٹا کے تحفظ کے لییبینک کے مضبوط عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ بینک نے اپنے سیکیورٹی نظام کو بین الاقوامی معیارات سے ہم آہنگ بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے ہیں، جس سے اس کی ڈیجیٹل بینکاری خدمات پر صارفین کا اعتماد مزید مستحکم ہوگا۔ میزان بینک کے مطابق، سائبر خطرات میں مسلسل اضافے کے پیش نظر PCI DSS جیسے بین الاقوامی سیکیورٹی معیارات پر عمل درآمد ادائیگیوں سے متعلق حساس معلومات کے تحفظ، صارفین کے اعتماد کو فروغ دینے اور پاکستان کے مالیاتی شعبے کی مجموعی سائبر سیکیورٹی کو مضبوط بنانے میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔