گوادر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 جولائی2026ء) گوادر پورٹ نے اپنی دوسری کمرشل بنکرنگ (سمندری جہازوں کو ایندھن کی فراہمی)آپریشن کوکامیابی سے مکمل کر لیا جو پاکستان کی بلیو اکانومی کو فروغ دینے اور گوادر کو ایک علاقائی بحری و تجارتی مرکز میں تبدیل کرنے کی جانب ایک اہم پیشرفت قرار دی جا رہی ہے۔رپورٹ کیمطابق بنکرنگ آپریشن کے دوران تقریباً1,150 میٹرک ٹن لو سلفر فیول آئل ،ایل این جی بردار جہاز ایم وی ایکسیلیریٹ شیننڈوا کو کامیابی سے فراہم کیا گیا۔ یہ ایندھن کراچی سے آنے والے بنکر بارج ایم ٹی میرین اِستاکے ذریعے گوادر پورٹ پر جہاز تک پہنچایا گیا۔آپریشن دن بھر جاری رہا اور اسے بین الاقوامی حفاظتی، ماحولیاتی اور آپریشنل معیار کے مطابق مکمل کیا گیا۔ اس دوران گوادر پورٹ اتھارٹی، پاکستان کسٹمز اور دیگر متعلقہ اداروں نے باہمی تعاون سے تمام قانونی، ضابطہ جاتی، حفاظتی اور ماحولیاتی تقاضوں پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا۔ وفاقی وزیر برائے بحری امور جنید انور چوہدری نے اس موقع پر کہا کہ گوادر پورٹ پر دوسری کمرشل بنکرنگ آپریشن کی کامیاب تکمیل اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ گوادر تیزی سے بین الاقوامی بحری تجارت اور میری ٹائم سروسز کے ایک اہم مرکز کے طور پر ابھر رہا ہے۔ حکومت کی پالیسیوں کے تحت گوادر پورٹ پر جدید سہولیات کی فراہمی، سرمایہ کاری کے فروغ اور عالمی شپنگ کمپنیوں کو معیاری خدمات مہیا کرنے کے لیے بھرپور اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ گوادر پورٹ کی ترقی نہ صرف بلوچستان بلکہ پاکستانی معیشت کے لیے انتہائی اہمیت کی حامل ہے، کیونکہ اس سے ملکی تجارت، سرمایہ کاری اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔چیئرمین گوادر پورٹ نورالحق بلوچ نے کہا کہ دوسری کمرشل بنکرنگ آپریشن کی کامیابی گوادر پورٹ کی بڑھتی ہوئی صلاحیت، آپریشنل استعداد اور عالمی شپنگ کمپنیوں کے بڑھتے ہوئے اعتماد کا عملی مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ گوادر پورٹ اب بین الاقوامی معیار کے مطابق قابل اعتماد میری ٹائم فیول سروسز فراہم کرنے کی صلاحیت حاصل کر چکا ہے۔بنکرنگ سرگرمیوں میں مسلسل توسیع سے مزید بین الاقوامی بحری جہاز گوادر کا رخ کریں گے جس سے نئی سرمایہ کاری، کاروباری سرگرمیوں اور روزگار کے مواقع میں نمایاں اضافہ ہوگا۔نورالحق بلوچ نے مزید بتایا کہ تمام متعلقہ اداروں کے تعاون سے گوادر پورٹ کو ایک مسابقتی علاقائی بنکرنگ اور میری ٹائم لاجسٹکس ہب بنانے کے لیے تیزی سے کام جاری ہے۔