لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 جولائی2026ء) پاکستان ٹیکس بار ایسوسی ایشن نے تاجروںکے لئے متعارف کرائی گئی سکیم سے متعلق ٹیکسیشن کے طریق کار کو ابہامات کا مجموعہ قرار دیتے ہوئے ایف بی آر سے 10 نکات پر وضاحت طلب کر لی ۔پاکستان ٹیکس بار کے صدر احسان الحق شیخ، جنرل سیکرٹری طاہر محمود بٹ، سینئر نائب صدر شیخ یاسین، نائب صدور شہباز قادر، عامر حنیف اوررانا منظور حسین نے فکسڈ ٹیکس سکیم پر پاکستان ٹیکس بار کی ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ خصوصی طریق کار میں مینوئلی ریٹیل آمدن، ریٹیلر اور دکاندار کی تعریف واضح نہیں جبکہ ریٹیل اور ہول سیل کاروبار کرنے والوں کی اہلیت بھی غیر واضح ہے۔ دیگر ذرائع آمدن کو خارج قرار دینے کے باوجود ڈیکلریشن فارم میں اس کیلئے الگ خانہ کیوں رکھا گیا خصوصی طریق کار اختیار کرنے والے دکاندار کا آڈٹ کس قانونی شق کے تحت ہوگا اور ڈیکلریشن کو ریٹرن یا ڈیِمڈ اسیسمنٹ کا درجہ حاصل ہوگا یا نہیں ۔ دفعہ 153 کے تحت ودہولڈنگ ایجنٹ سے استثنیٰ اور دفعہ 113 کے عدم اطلاق کی سہولت ٹیکس ایئر 2026 کیلئے ہے یا 2027 کیلئے اس کی بھی وضاحت نہیں کی گئی۔ بار کے عہدیداروںنے کہاکہ100 ملین روپے یا زائد ٹرن اوور رکھنے والے ٹیکس دہندگان کی جانب سے پہلے ادا کردہ دفعہ 147 کے ایڈوانس ٹیکس کی ایڈجسٹمنٹ بھی واضح نہیں، دفعہ 114 کے تحت ریٹرن جمع کرانے کا پابند نہ ہونے والے دکاندار پر خصوصی طریقہ کار اختیار نہ کرنے کی صورت میں ماہانہ ڈیفالٹ سرچارج کیسے عائد ہوگا،غیر رجسٹرڈ دکاندار کی ذمہ داری کا تعین کون کرے گا ۔انہوں نے کہا کہ پہلے سے پی او ایس رکھنے والا دکاندار خصوصی سکیم کا اہل ہوگا یا نہیں یہ بھی واضح کیا جائے، اگر حقیقی خالص منافع امپیٹیبل انکم سے زیادہ ہو تو اضافی منافع کا ٹیکس کیسے طے ہوگا۔