لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جولائی2026ء) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر فہیم الرحمن سہگل نے کہا ہے کہ پاکستان بے پناہ قدرتی وسائل، شاندار انسانی صلاحیتوں اور وسیع معاشی امکانات کا حامل ملک ہے، پائیدار معاشی ترقی، صنعتی فروغ، ایس ایم ایز (SMEs) کی ترقی اور روزگار کے مواقع پیدا کرنا پاکستان کے بین الاقوامی تشخص کو بہتر بنانے اور معیشت کو مضبوط بنانے کے لیے ناگزیر ہیں،حکومت، نجی شعبے، دانشور وسول سوسائٹی سمیت تمام متعلقہ فریقین قومی ترقی،غربت کے خاتمے اور دنیا بھر میں پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کرنے کے لیے مشترکہ طور پر کام کریں۔ وہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی قائمہ کمیٹی برائے کارپوریٹ ریلیشنز اینڈ مارکیٹ کمیٹی کے زیرِ اہتمام منعقدہ سیمینار'' برانڈنگ پاکستان' ' ایک مثبت تشخص کی تعمیر سے خطاب کر رہے تھے۔ سیمینار کی صدارت لاہور چیمبر کے صدر فہیم الرحمن سہگل نے کی۔اس موقع پر سابق صدر لاہور چیمبر میاں انجم نثار بھی موجود تھے جبکہ قائمہ کمیٹی برائے کارپوریٹ ریلیشنز اینڈ مارکیٹ کمیٹی کے کنوینئر ملک عامر سلام نے بھی شرکت کی۔ پینل میں سینئر صحافی اور چیف ایڈیٹر روزنامہ پاکستان مجیب الرحمن شامی، صحافی وسماجی کارکن جگنو محسن اور صوفی گروپ آف کمپنیز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر طارق اللہ صوفی شامل تھے۔دیگر شرکاء میں نور اللہ، نعیم حنیف، عرفان سوہنی، احمد شعیب خان، ولی احمد، محمد انور، ماجدہ نوید، اشبا کامران اور کاروباری برادری کے نمائندوں کی بڑی تعداد شامل تھی۔ میاں انجم نثار نے صنعتی شعبے کو درپیش مشکلات پر روشنی ڈالتے ہوئے پالیسیوں کے تسلسل، سرمایہ کاری دوست ضوابط اور مقامی صنعت کے لیے زیادہ معاونت کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ صنعتی ترقی معاشی استحکام، برآمدات اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے نہایت اہم ہے، کاروباری افراد و صنعتکاروں کو سہولتیں فراہم کرنے کے لیے موثر اقدامات کیے جانے چاہئیں۔ جگنو محسن نے کہا کہ پاکستان کا مثبت اور نرم تشخص صرف تشہیری مہمات کے ذریعے نہیں بنایا جا سکتا بلکہ اس کے لیے انصاف، بہتر طرزِ حکمرانی، ثقافتی ورثے کا تحفظ اور شہریوں کے حقوق کا احترام ضروری ہے۔ انہوں نے تاریخی مقامات کے تحفظ، مقامی زبانوں کے فروغ اور میرٹ پر مبنی حکمرانی کی اہمیت پر زور دیا۔سینئر صحافی مجیب الرحمن شامی نے کہا کہ متعدد چیلنجز کے باوجود پاکستان بے شمار صلاحیتوں اور قوتوں کا حامل ملک ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے سفارت کاری، کھیلوں و قومی دفاع سمیت مختلف شعبوں میں اپنی ثابت قدمی اور صلاحیت کا مظاہرہ کیا ہے۔ انہوں نے سیاسی استحکام، قومی ہم آہنگی اور داخلی تقسیم میں کمی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ متحد قوم دنیا کے سامنے اپنا مثبت تشخص زیادہ موثر انداز میں پیش کر سکتی ہے۔صوفی گروپ آف کمپنیز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر طارق اللہ صوفی نے کہا کہ پاکستانی صنعتکار مختلف مشکلات کے باوجود معاشی ترقی میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صنعتوں کا قیام اور ان کا تسلسل انتہائی عزم، سرمایہ کاری اور ثابت قدمی کا تقاضا کرتا ہے۔ انہوں نے زیادہ ٹیکسوں، ضابطہ جاتی رکاوٹوں اور کاروباری لاگت میں اضافے پر تشویش کا اظہار کیا جو صنعتی مسابقت کو متاثر کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ صنعتکار کارخانوں کو فعال رکھنے، روزگار پیدا کرنے اور قومی آمدنی میں نمایاں حصہ ڈالنے کے لیے مسلسل محنت کرتے ہیں۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ مقامی صنعت کو مضبوط بنانے اور عالمی سطح پر پاکستان کے معاشی تشخص کو بہتر بنانے کے لیے کاروبار دوست ماحول، پالیسیوں کا تسلسل و سرمایہ کاری کے لیے مراعات ضروری ہیں۔ قبل ازیں لاہور چیمبر کے صدر فہیم الرحمن سہگل نے معزز مقررین اور شرکاء کا خیرمقدم کیا اور ملک عامر سلام و ان کی کمیٹی کی جانب سے سیمینار کے انعقاد کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ایل سی سی آئی تقریبا 48 ہزار رکن کمپنیوں کی نمائندگی کرتا ہے جو تجارت، صنعت، ایس ایم ایز اور برآمدی شعبوں سمیت مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھتی ہیں جبکہ چیمبر مختلف معاونتی و سہولت مراکز کے ذریعے کاروباری برادری کی خدمت جاری رکھے ہوئے ہے۔